مرلی کا ’دوسرا‘ اننگز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سری لنکا کے سپنر مرلی دھرن کی پیر کے روز مدراس کی ایک خاتون سے چنائی میں شادی ہو گئی ہے۔ بتیس سالہ مرلی دھرن کی شادی جنوبی بھارت کے رسم و رواج کے مطابق روایتی طریقے سے ہوئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مرلی دھرن کی چوبیس سالہ شریک حیات کا نام مدھی ملار راما مورتی ہے۔ مدھی کا کہنا ہے کہ انہیں کرکٹ میں کوئی خاص دلچسپی نہیں ہے۔ لیکن مرلی کی شخصیت پر وہ فریفتہ ہیں۔ تامل ناڈو کے شہر چنائی کی رہنے والی مدھی ملار اور سپن گیند باز کی ملاقات گزشتہ برس دسمبر کے ماہ میں ہوئی تھی۔ ان کی منگنی ہوئے چند روز ہی ہوئے تھے کہ سری لنکا میں سونامی کا قہر برپا ہوا۔ اس وقت دونوں گالےشہر میں تھے اور خوف سے مدھی نے مرلی کا دامن تھام رکھا تھا۔ مرلی دھرن اور ان کی شریکِ حیات تامل زبان بولتے ہیں جو بھارت کی ریاست تامل ناڈو اور شمالی سری لنکا میں بولی جاتی ہے۔ دونوں کی شادی والدین کی مرضی سے ہوئی ہے اور انہوں نے ہی گزشتہ برس اس کا بندوبست کیا تھا۔
مرلی دھرن کے آباؤ اجداد برسوں پہلے تامل ناڈو سے سری لنکا ہجرت کر گئے تھے اور ابھی تک ان کے تامل ناڈو میں کئی رشتہ دار ہیں۔ ان کی شریکِ حیات ملار بھی ان کی رشتہ دار ہیں۔ مرلی دھرن کی شادی میں جن قریبی دوستوں نے شرکت کی ان میں ارجنا رانا ٹنگا، سنتھ جے سوریا اور چمندا واس کے علاوہ رابن سنگھ، ٹی اے سیکار، اور اشیش کپور بھی شامل ہیں۔ مرلی دھرن دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے اکیانوے ٹیسٹ میچوں میں 532 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||