مرلی کی ملار سےشادی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سری لنکا کے مایہ ناز سپن گیند باز متھایّا مرلی دھرن ایک خوبصورت بھارتی لڑکی سے آئندہ ماہ شادی کرنے والے ہیں۔ مرلی دھرن کی ہونے والی چوبیس سالہ شریک حیات کا نام مدھی ملار راما مورتی ہے۔ مدھی کا کہنا ہے کہ انہیں کرکٹ میں کوئی خاص دلچسپی نہیں ہے۔ لیکن مرلی کی شخصیت پر وہ فریفتہ ہیں۔ تامل ناڈو کے شہر چنائی کی رہنے والی مدھی ملار اور سپن گیند باز کی ملاقات گزشتہ برس دسمبر کے ماہ میں ہوئی تھی۔ ان کی منگنی ہوئے چند روز ہی ہوئے تھے کہ سری لنکا میں سونامی کا قہر برپا ہوا۔ اس وقت دونوں گالےشہر میں تھے اور خوف سے مدھی نے مرلی کا دامن تھام رکھا تھا۔ مدھی ملار کا کہنا ہے کہ وہ کرکٹ گلیمر کے سبب نہیں بلکہ مرلی کی شخصیت سے کافی متاثر ہیں۔ ان کے مطابق سونامی سے متاثرہ افراد کے لیے جس طرح مرلی نے کام کیا اور ہمدردی جتائی وہ ان کے دل کو چھوگئی۔ان کا کہنا ہے کہ ’میں مرلی کی شخصیت سے پیار کرتی ہوں۔ وہ مزاح کےشوقین اور بڑی منکسرالمزاج طبیعت کے مالک ہیں‘۔ مدھی کے مطابق پہلی ملاقات میں مرلی نے ان سے کہا تھا کہ انہیں زندگی کے لیے ایک سادہ لوح اور سمجھدار لڑکی چاہیے۔ انہوں نے پوچھا تھا کہ کیا وہ ان کی زندگی کی پریشانیاں بانٹ سکتی ہیں اور کیا ان کے ساتھ دنیا بھر کے سفر کے لیے تیار ہیں۔ مدھی کا کہنا ہے کہ مرلی کی طرح انہیں رقص و موسیقی میں دلچسپی ہے لیکن کھیلوں میں مزا کم آتاہے۔ سری لنکا میں مرلی دھرن کا خاندان تجارت کے لیے جانا جاتا ہے۔ اسی طرح چنائی میں بھی ملار خاندان اپنے ہسپتالوں کے لیے مشہور ہے۔ مدھی ملار اپنی ماں کے دو ہسپتالوں میں مینیجر کی حیثیت سے نظم و نسق سنبھالتی ہیں۔ مدھی کہتی ہیں کہ ’میری عمر کم ہے لیکن تجربات زیادہ ہیں۔ میں ایک بولڈ لڑکی ہوں اور ہنسی خوشی زندگی گزارنا مجھے اچھا لگتا ہے۔‘ دونوں کی شادی جنوبی ہندوستان کی روایت کے مطابق اکیس مارچ کو چینائی میں ہوگی۔ شادی کے بعد مدھی مرلی کے ساتھ سری لنکا چلی جائیں گی۔ انکی جڑواں بہن رادھی ملار انکی شادی سے بہت خوش ہیں۔ پورا خاندان شادی کی تیاریوں میں مصروف ہے اور زبردست شاپنگ کی جارہی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||