’مرلی جلد فِٹ ہو جائیں گے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سری لنکا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سپنر مرلی دھرن کے سرجن ڈیوڈ ینگ نے کہا ہے کہ مرلی اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے ہی فٹ ہوجائیں گے۔ مرلی دھرن نے ایشیائی سونامی کے متاثرین کے لیے امدادی میچ کے دوران کندھے میں شدید تکلیف کی شکایت کی تھی۔ اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ مرلی دھرن اگلے دس ہفتوں کے لیے کسی میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ لیکن اب ڈیوڈ ینگ نے کہا ہے کہ ایم آر آئی سکین میں پتہ چلا ہے کہ چوٹ اتنی گہری نہیں ہے۔ گزشتہ سال اگست میں مرلی دھرن کے کندھے کی سرجری ہوئی تھی اور ایسا لگ رہا تھا کہ اس مرتبہ بھی ان کی سرجری کرنا پڑے گی۔ سری لنکا کے بتیس سالہ سپنر نے کاندھے میں تکلیف کی وجہ سے 2004 میں کئی غیر ملکی دورے چھوڑے ہیں۔ وہ اب ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے پہلے اپنے کندھے کو آرام دیں گے اور اس کے بعد لنکاشائر کاؤنٹی کی طرف سے سیزن کرکٹ کھیلیں گے۔ مرلی دھرن کے کرکٹ نہ کھیلنے کی وجہ سے آسٹریلیا کے سپنر شین وارن اب ٹیسٹ وکٹ لینے میں ان سے آگے نکل گئے ہیں۔ انہوں نے مرلی سے 34 وکٹ زیادہ لیے ہیں اور اب ان کا ٹیسٹ ٹوٹل 566 ہو چکا ہے۔ دریں اثناء اس بات کا بھی چرچا ہو رہا ہے کہ مرلی دھرن اس سال مارچ میں مدراس کی ایک لڑکی سے شادی کرنے والے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||