ایشین الیون 112 رنز سے ہار گئی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ملبورن میں سونامی سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے کھیلے جانے والے ایک میچ میں ورلڈ الیون نے ایشین الیون کو 112 رنز سے ہرا دیا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ الیون کے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 344 رنز کے جواب میں ایشین الیون کی پوری ٹیم 232 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ ایشین الیون کی طرف سے سب سے زیادہ سکور راہول ڈراوڈ نے کیا۔ وہ 75 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ورلڈ الیون کے ڈینیئل وٹوری نے 58 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اننگز کی خاص بات ورلڈ الیون کے کپتان رکی پونٹنگ کی شاندار سنچری تھی۔ انہوں نے 102 گیندوں پر 115 رنز بنائے۔ انہیں انیل کمبلے نے آؤٹ کیا۔ پونٹنگ اور برائن لارا نے 122 رنز شراکت کی۔ لارا 52 رنز بنا کر انیل کمبلے کی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ورلڈ الیون کے کرس کیئرنز نے بھی ایک شاندار نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 46 گیندوں پر 69 رنز بنائے۔ ان کی وکٹ مرلی دھرن نے لی۔ اس میچ کے لیے ایشیائی ٹیم کی قیادت بھارت کے کپتان سورو گنگولی کر رہے اور اس ٹیم میں، بھارت کے روایتی حریف پاکستان کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل الیون کی طرف سے مرلی دھرن نے تین، انیل کمبلے اور ظہیر خان نے دو دو اور واس نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں اس ایک روزہ میچ کو دیکھنے کے لیے اٹھہتر ہزار سے زائد تماشائی آئے ہیں۔ ایشیا الیون میں شامل پاکستانی بیٹسمین یوسف یوحنا نے بی بی سی ہندی سروس کے راجیش جوشی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ میچ ان لوگوں کے لیے کھیل رہے ہیں جن پر اس وقت ایک مشکل آئی ہوئی ہے اور یہ مشکل تو کسی پر بھی آ سکتی ہے۔ پیسوں کے بارے میں انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا یہ میچ ان کے لیے پیسوں سے بھی زیادہ اہم ہے کیونکہ مصیبت تو کل پاکستان پر بھی آ سکتی ہے۔ گنگولی کی کپتانی میں کھیلنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میچ امداد کے لیے ہو رہا ہے اس میں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون کپتان ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||