میانداد کا چھکا یاد ہے: ٹھاکرے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شیو سینا کے سربراہ بال ٹھاکرے نے جمعہ کو پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد سے ملاقات کی۔ ٹھاکرے نے جو پاکستان اور مسلمانوں کے بارے میں انتہا پسندانہ خیلات رکھتے ہیں جاوید میانداد سے ممبئی کے مضافات میں اپنے گھر پر ملاقات کی۔ بال ٹھاکرے نے کہا کہ انہیں جاوید میانداد بہت پسند ہیں اور ان کا انیس سو چھیاسی میں آسٹرل ایشیا کپ شارجہ میں چیتن شرما کی آخری گیند پر وہ تاریخی چھکا ہمیشہ یاد رہے گا۔ اس ملاقات میں بھارت کے سابق کپتان اور ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر دلیپ ونگسارکر بھی جاوید میانداد کے ہمراہ تھے۔ کٹر ہندو جماعت شیو سینا کے رہنما بال ٹھاکرے کی جاوید میانداد سے ملاقات کو کافی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ بال ٹھاکرے کی جماعت کافی عرصے تک پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات بحال کرنے کی مخالف رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ممبئی میں میچ منعقد کرانے کی بھی مخالفت کی تھی۔ اس ملاقات کے ذریعے بال ٹھاکرے نے یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کے مخالف نہیں ہیں۔ تاہم وہ اب بھی اس بات پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ممبئی میں کوئی میچ کھیلنے نہیں دیں گے جب تک ان کے بقول پاکستان بھارت میں ہونے والی تخریبی کارروائیاں بند نہیں کر دیتا۔ جاوید میانداد نے جو کہ ایک ٹی وئی چینل کی دعوت پر بھارت کا دورہ کر رہے ہیں کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ کے روابط سیاسی تعلقات بہتر کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوں گے۔ میانداد نے کہا کہ انہوں نے بال ٹھاکرے کے بارے میں جو کچھ سن رکھا تھا اس کے بر عکس انہوں نے بال ٹھاکرے کو ایک سادہ سا انسان پایا۔ بال ٹھاکرے نے یہ کہہ کر میانداد کو بولڈ کر دیا کہ بھارت اور پاکستان کے لوگ ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں اور دشمنی صرف دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے ذہنوں میں ہے۔ حالیہ دنوں میں شیو سینا کے سربراہ نے مسلمانوں کے بارے میں چند ایک اعتدال پسندانہ بیان دیے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||