عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، بنگلور |  |
 |  انضمام الحق نے اپنے سوویں ٹیسٹ میں سنچری بنائی |
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے بھارت کے خلاف بنگلور ٹیسٹ کی اپنی سنچری اپنے والد کے نام کی ہے۔ سوویں ٹیسٹ میں شاندار سنچری کے بعد بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کی فیملی نے ان کی سوویں ٹیسٹ میں سنچری دیکھی۔ خاص کر والد میچ دیکھنے بھارت آئے ہیں لہذا وہ یہ اننگز ان کے نام کرتے ہیں۔ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ2003 کے بعد ان کی کارکردگی نمایاں رہی ہے اور وہ اچھا کھیل رہے ہیں۔ ان کی کوشش ہوگی کہ فٹنس اور کارکردگی کو برقرار رکھیں۔ انضمام الحق نے اپنے سوویں ٹیسٹ میں ایک بار پھر خود کو مشکل صورتحال میں پایا جب ان کے دونوں اوپنرز سات رنز پر پویلین میں لوٹ چکے تھے۔اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ سینئرکرکٹراور کپتان کی حیثیت سے ان پر بہت زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ وکٹ آسان تھی چنانچہ یونس خان کے ساتھ انہوں نے یہی فیصلہ کیا کہ پہلے نئی گیند کا اثر زائل کیا جائے کچھ اوورز گزارے جائیں اور پھر اٹیک کیا جائے۔ وہ یونس خان کی سنچری سے بہت خوش ہیں جنہوں نے سیریز میں دوسری سنچری اسکور کی ہے۔ بنگلور کی اننگز کو اپنے کیریئر میں کہاں رکھیں گے اس سوال پر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ یہ اتنی ہی بڑی اننگز ہے جتنی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹرپل سنچری تھی یا پھر سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری۔ |