پاکستان 570 پر آل آؤٹ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور بھارت کے درمیان بنگلور کے چنا سوامی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 570 رن بنائے۔ اس کے جواب میں بھارت نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر بنا کسی نقصان کے 55 رن بنائے ہیں۔ اس طرح پاکستان کو بھارت پر اس وقت 515 رن کی برتری حاصل ہے۔ بھارت کی جانب سے وریندر سہواگ 39 جبکہ گوتم گمبھیر 13 رن پر کھیل رہے ہیں۔ دوسرے دن کے کھیل کی خاص بات پاکستانی بلے باز یونس خان کی شاندار بیٹنگ تھی۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری بنائی۔ وہ 267 رنز بنا کر ہربھجن سنگھ کی گیند پر عرفان پٹھان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دانش کنیریا تھے جو بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ محمد سمیع 17 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ کامران اکمل 28 رن بنا کر ہربھجن سنگھ کا چوتھا شکار بنے۔ کامران اکمل سے قبل عبدالرزاق 5 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل دوسرے روز کے کھیل میں لنچ کے وقفے کے فوراً بعد پاکستان کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑا جب عاصم کمال 4 رنز بنا کر ہربھجن سنگھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ صبح دوسرے اوور میں بالا جی کی پہلی گیند پر انضمام الحق 184 کے سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ان کی جگہ یوسف یوحنا کھیلنے آئے جو 37 رنز بنانے کے بعد ہربھجن سنگھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بھارت کی جانب سے ہربھجن سنگھ نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ شروع ہونے سے پہلے انضمام الحق نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان تقریباً ساڑھے پانچ سو رنز بنائے کیونکہ صرف اسی صورت میں ان کی ٹیم کی پوزیشن بہتر ہوسکے گی۔ اس سے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے انضمام الحق اور یونس خان نے سنچریاں بنائیں۔ انضمام الحق نے اپنے سوویں ٹیسٹ میں کیرئیر کی اکیسویں سنچری بنائی۔ ان دونوں بلے بازوں کی شراکت میں پہلے روز 316 رن بنے جو کہ بنگلور میں پاکستان کی جانب سےکسی بھی وکٹ کی لیے طویل ترین پارٹنرشپ ہے۔ بنگلور ٹیسٹ کے لیے دونوں ٹیمیں یہ ہیں: پاکستان: انضمام الحق ( کپتان ) یاسرحمید شاہد آفریدی یونس خان یوسف یوحنا عاصم کمال عبدالرزاق کامران اکمل محمد سمیع ارشد خان اور دانش کنیریا بھارت: سوروگنگولی( کپتان) گوتم گمبھیر وریندرسہواگ راہول ڈراوڈ سچن ٹنڈولکر وی وی ایس لکشمن دنیش کارتھک عرفان پٹھان بالاجی انیل کمبلے اور ہربھجن سنگھ امپائرز: آسٹریلیا کے سائمن ٹافل اور نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||