انضمام اور یونس کی رینکنگ بہتر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاک بھارت ٹیسٹ سیریز اختتام پذیر ہوگئی لیکن اس میں اتار چڑھاؤ کے سبب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ میچز میں ممالک اور کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں بھی خاصا اتار چڑھاؤ آیا ہے۔ اسی سیریز کے پہلے دو میچوں میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے راہول ڈراوڈ نے ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے جیک کیلس کو پیچھے چھوڑ دیا تھا لیکن آخری ٹیسٹ میں کم سکور کرنے کی وجہ سے وہ دوسرے نمبر پر آگئے۔ بھارت بنگلور ٹیسٹ جیت کر ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ سکتا تھا لیکن بھارتی ٹیم یہ رتبہ حاصل نہ کر سکی اور آسٹریلیا اور برطانیہ کے بعد تیسرے نمبر پر ہی رہی۔ بنگلور میں شکست سے بھارت کے پوائنٹس ایک سو آٹھ سے کم ہو کر ایک سوسات رہ گئے ہیں لیکن بھارتی ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ درجہ بندی وہی یعنی تیسرے نمبر پر رہی۔ پاکستان نے اس فتح سے ایک پوائنٹ حاصل کیا اور پاکستان جس کے ایک سو ایک پوائنٹس تھے اب ایک سو دو ہو گئے تاہم اس ایک پوائنٹ کے اضافے نے اس کی درجہ بندی میں کوئی فرق نہیں ڈالا اور وہ اپنی پرانی یعنی پانچویں پوزیشن پر ہی ہے۔چوتھے نمبر پر سری لنکا کی ٹیم ہے۔
بنگلور ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح میں اپنے دونوں اننگز کے تین سو اکیاون رنز کے ساتھ اہم ترین کردار ادا کرنے والے یونس خان پہلی مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی آفیشل رینکنگ میں پہلے دس بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔ یونس خان بہترین بلے بازوں کی فہرست میں ایک لمبی چھلانگ لگا کر چھبیسویں نمبر سے نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اپنے سوویں ٹیسٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے پاکستان کے کپتان انضمام الحق بہترین بیٹسمنوں میں چودھویں نمبر سے چھلانگ لگا کر آٹھویں نمبر پر براجمان ہو گئے ہیں۔ پاکستان کے ان دو بیٹسمنوں کے پہلے دس بیٹسمنوں میں داخل ہونے سے بھارت کے سٹار بیٹسمن سچن تندولکر کی تنزلی ہو گئی۔ تندولکر کی کارکردگی نے ان کے تین پوائنٹس کم کر دیے اور وہ گیارہویں نمبر پر چلے گئے۔ بولنگ کے شعبے میں پاکستان ٹیم کے سپنر دانش کنیریا بھی پہلے دس بالرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ آسٹریلیا نیوزی لینڈ کے خلاف دو صفر سے ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک پر اپنی برتری قائم کیے ہوئے ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||