کولکتہ: بھارت کی پہلی فتح | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کولکتہ میں کھیلے جانے والے پاک بھارت سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں بھارت نے پاکستان کو 195 رن سے شکست دے دی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کولکتہ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف کوئی ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔ میچ کے آخری دن پاکستانی بلے باز انیل کمبلے کی نپی تلی بالنگ کا مقابلہ نہ کر سکے اور پوری پاکستانی ٹیم 226 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے انیل کمبلے نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 63 رن کے عوض7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ہربھجن سنگھ نے 2 اور بالا جی نے 1 وکٹ حاصل کی۔ انیل کمبلے نے اس میچ میں 161 رنز کے عوض 10 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ساتھ ہی پاکستان کے خلاف صرف آٹھ ٹیسٹ میں وکٹوں کی نصف سنچری بھی مکمل کی ہے۔ پاکستان کےآخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دانش کنیریا تھے جنہیں ہربھجن سنگھ نے آؤٹ کیا۔ محمد سمیع نے 9 رن بنا کر کمبلے کا ساتواں شکار بنے۔ اس سے قبل عاصم کمال اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد کمبلے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کامران اکمل کو 7 رن پر ہربھجن نے آؤٹ کیا۔ عبدالرزاق کو 6 کے سکور پر انیل کمبلے نے بولڈ کیا۔یوسف یوحنا بھی 22 رن بنا کر کمبلے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کھانے کے وقفے سے پہلے پاکستان کے تین کھلاڑی انضمام، یونس خان اور توفیق عمر آؤٹ ہوئے۔ توفیق عمر نے 35، انضمام نے 13 رن بنائے جبکہ یونس خان کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔ کھیل کے آخری دن 115 کے سکور پر پاکستان کی 2 وکٹیں گریں۔ پہلےتوفیق عمر بالا جی کی گیند پر سہواگ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اس کے بعد انضمام الحق نے کمبلے کی اندر آتی ہوئی ایک گیند کو کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے گلوز سے ٹکراتی ہوئی وکٹوں میں چلی گئی۔ پاکستان کو کولکتہ ٹیسٹ جیتنے کے لیے422 رنز کا ہدف ملا ہے۔ چوتھے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے95 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ چوتھے دن کے اختتام پر پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے327 رنز بنانے تھے اور اس کی9 وکٹیں باقی تھیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||