کولکتہ ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی ٹیم نے کولکتہ ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف بڑا اسکور کرکے معقول برتری حاصل کرنے کا موقع گنوا دیا۔ بھارت کے407 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن393 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اسطرح بھارت کو پہلی اننگز میں14 رنز کی برتری حاصل ہوگئی جو کھیل کے اختتام پر راہول ڈراوڈ اور سچن تندولکر کی عمدہ بیٹنگ کے نتیجے میں بڑھ کر147 رنز کی ہوچکی تھی۔ تیسرے دن جب کھیل کم روشنی کے سبب گیارہ منٹ قبل ختم ہوا تو بھارت کا دوسری اننگز میں اسکور3 وکٹوں پر133 رنز تھا۔ راہول ڈراوڈ 54 اور گنگولی4 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ چوتھی اننگز میں پاکستانی ٹیم کی مشکلات سے دوچار رہنے کی روایت اور ایڈن گارڈنز کی وکٹ کے آخری دو دن اسپنرز کے لئے مددگار ہونے کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے خطرے کے بادل مہمان ٹیم پر منڈلانے لگے ہیں۔ اگر پاکستانی بیٹسمین دوسرے دن کی کہانی آج دوہرانے میں کامیاب ہوجاتے تو میچ پر پاکستانی ٹیم کی گرفت بہت مضبوط ہوتی لیکن انضمام الحق کا آؤٹ ہونا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ پاکستانی ٹیم گزشتہ روز کے اسکور273 رنز میں صرف120 رنز کے اضافے پر 8 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ یوسف یوحنا نے بالاجی کی گیند پر جو پیڈ کے اوپر لگی کوئی اسٹروک نہیں کھیلا جس پر وہ ایل بی ڈبلیو دیئے گئے۔انہوں نے104 رنز بناتے ہوئے یونس خان کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں211 رنز کا اضافہ کیا۔
انضمام الحق نے ہمیشہ کی طرح اعتماد سے اننگز شروع کی لیکن 30 کے اسکور پر وہ عرفان پٹھان کی گیند پر دنیش کارتھک کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ عاصم کمال 6 رنز بناکر سست روی سے تیسرے رن کی کوشش میں لانگ آن سے سچن تندولکر کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ یونس خان کی147 رنز کی شاندار اننگز کا خاتمہ کمبلے کی گیند پر سلپ میں لکشمن نے کیچ لے کر کیا۔ موہالی ٹیسٹ کے ہیرو کامران اکمل یہاں زیرو ثابت ہوئے۔ بغیر کوئی رن بنائے وہ ہربھجن سنگھ کی گیند پر سچن کو کیچ دے بیٹھے۔ عبدالرزاق کو بھی 17 رنز پر کمبلے نے ڈراوڈ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ سمیع کی وکٹ ہربھجن سنگھ اور محمد خلیل کی وکٹ کمبلے نے ہتھیائی۔ کمبلے تین وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر رہے۔ بھارتی دوسری اننگز کا آغاز سہواگ نے محمد خلیل کے پہلے ہی اوور میں تین چوکے لگاکر جارحانہ انداز میں کیا تھا لیکن اگلے ہی اوور میں محمد سمیع نے گوتم گمبھیر کو ایک رن پر یارکر پر بولڈ کردیا۔ محمد سمیع جن کی کارکردگی تنقید کی زبردست زد میں ہے اپنے اگلے اوور میں خطرناک وریندر سہواگ کی قیمتی وکٹ پندرہ کے انفرادی اسکور پر حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے لیکن اس کے بعد ڈراوڈ اور سچن تندولکر پاکستانی بولرز پر حاوی ہوگئے۔ سچن میچ میں دوسری نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد52 کے اسکور پر عبدالرزاق کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ وہ امپائر اسٹیو بکنر کے فیصلے سے مطمئن نہیں تھے۔ انہوں نے ڈراوڈ کے ساتھ تیسری وکٹ کے لئے98 رنز کا اضافہ کیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||