عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کولکتہ |  |
 |  ’ہر میچ میں سنچری بنانا چاہتا ہوں‘ |
ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کرنے والے سچن تندولکر یہ اعتراف کرتے ہیں کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں بنایا ہوا اپنا پہلا رن یاد نہیں۔ سچن تندولکر نے پندرہ سال قبل پاکستان کے خلاف کراچی میں ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ شاید وقار یونس یا وسیم اکرم میں سے کوئی ایک تھا جس پر انہوں نے پہلا رن بنایا تھا۔ اسوقت بھارت کے چار وکٹ گرچکے تھے اور وہ کریز پر آئے تھے۔ سچن تندولکر کہتے ہیں کہ یہ ایک طویل سفر ہے۔ اس مقام تک پہنچنے کے لیے انہوں نے سخت محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گھر والوں، دوستوں اور پوری قوم نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جس کے بغیر وہ اتنی کامیابیاں حاصل نہیں کرسکتے تھے۔ کولکتہ ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے بارے میں سچن کا کہنا ہے کہ ان پر کوئی غیرمعمولی دباؤ نہیں تھا اور وہ مطمئن اور پرسکون تھے۔ وہ راہول ڈراوڈ سے کہہ رہے تھے کہ انہیں کراؤڈ کے شور کا مطلب معلوم ہے۔ سچن کا کہنا ہے کہ وہ ہر اننگز میں یہ سوچ کر میدان میں اترتے ہیں کہ سنچری بنائیں گے لیکن ایسا ممکن نہیں ہیں۔ جہاں تک عالمی ریکارڈ پنتیسویں سنچری کا تعلق ہے انہیں اس کا انتظار ہے لیکن بے صبری نہیں ہے۔ تندولکر کا کہنا ہے کہ انہیں ون ڈے کرکٹ کے دس ہزار رنز بھی اتنے ہی عزیز ہیں جتنے ٹیسٹ کرکٹ کے رنز۔ |