اننگز ختم کرنے پرتندولکر حیران | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز سچن تندولکر نے کہا ہے کہ ملتان ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ان کی ڈبل سنچری سے چھ رن پہلے بھارت کی انگز ختم کرنے کا فیصلہ ان کے لیے حیران کن تھا۔ ملتان ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کے کپتان راہول ڈراوڈ کے اس فیصلے سے سچن تندولکر اپنے کیریئر کی چوتھی ڈبل سنچری بنانے سے محروم رہ گئے۔ سچن تندولکر نے کہا کہ ڈبل سنچری بنانے سے محروم رہ جانے پر انہیں بہت افسوس ہے لیکن وہ ٹیم کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ سچن تندولکر سے جب پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے میدان سے واپس جانے کے بعد اس فیصلے پر ٹیم سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ بات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ سچن تندولکر نے کہا ’ جو کچھ ہونا تھا ہو چکا۔‘ انہوں نے کہا جس وقت اننگز ڈیکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا وہ چار رن فی اوور کے حساب سے رن بنا رہے تھے جو ٹیسٹ کرکٹ میں بہت مناسب رفتار تصور کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا وہ اس فیصلہ کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہ سکتے۔ سچن تندولکر بھارت کے سابق بلے باز گواسکر کے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کرنے والے ہیں اور اس کے لیے انہیں صرف ایک سنچری اور بنانے کی ضرورت ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||