ڈراوڈ کی سنچری، سچن کے دس ہزار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سچن ٹنڈولکر کے دس ہزار رنز کے سنگ میل اور راہول ڈراوڈ کی شاندار سنچری کی وجہ سے یاد رکھے جانے والے کولکتہ ٹیسٹ کے پہلے دن بھارت نے344 رنز بنائے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ ایڈن گارڈنز کی وکٹ ہمیشہ سے اسپنرز کے لیے معاون رہی ہے یہ بات ذہن میں رکھ کر گنگولی نے ظہیرخان کو ڈراپ کر کے آف اسپنر ہربھجن سنگھ کو ٹیم میں جگہ دی۔ پاکستانی ٹیم منیجمنٹ نے رانا نویدالحسن کی جگہ آف اسپنر ارشد خان کے بجائے تیز بولر محمد خلیل کو موقع دیا اور اسپن کی اضافی ذمہ داری کے لیے شاہد آفریدی سلمان بٹ کی جگہ میدان میں اتارے گئے۔ ٹاس جیت کر گنگولی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کے اوپنر گوتم گھمبیر اور سہواگ نے تیز رفتاری سے اننگز کا آغاز کیا اور ساڑھے چار رن فی اوور کی اوسط سے رن بناتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں اسی رن بنائے۔ اسی (80) کے مجموعی اسکور پر گوتم گھمبیر کو دانش کنریا نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ سہواگ اپنی نصف سنچری سکور کرنے کے بعد اکاسی رن پر آؤٹ ہو گئے۔ شاہد آفریدی کی گیند پر کپتان انضمام الحق نے ان کا کیچ لیا۔ سچن ٹنڈولکر کے دس ہزار رنز کا شائقین بے چینی سے انتظار کررہے تھے جو اس سنگ میل سے27 رنز کی دوری پر تھے ۔انہوں نے چائے کے وقفے کے بعد عبدالرزاق کی گیند پر رن لے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پانچویں بیٹسمین ہیں۔ سچن موہالی کی طرح یہاں بھی سنچری مکمل نہ کرسکے اور عالمی ریکارڈ ایک مرتبہ پھر ان سے دور رہ گیا۔ وہ 52 رنز پر شاہدآفریدی کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ کپتان سوروگنگولی صرف بارہ رنز بناکر عبدالرزاق کی گیند پر کامران اکمل کےہاتھوں کیچ ہوئے عبدالرزاق نے اگلی ہی گیند پر وی وی ایس لکشمن کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا تاہم وہ دنیش کارتھک کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ بھارتی ٹیم کی پانچ وکٹیں گر جانے کے بعد ڈراوڈ اور وکٹ کیپر دنیش کارتھک اسکور میں46 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ کھیل کے آخری اوور ڈراوڈ110 رنز بناکر آفریدی کی گیند پر کنیریا کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ کارتھک 28 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ پاکستان کی طرف سے عبدالرزاق دانش کنیریا اور شاہدآفریدی نےدو دو وکٹیں حاصل کیں لیکن محمد سمیع ایک بار پھر خاص تاثر چھوڑنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ پہلے دن کے کھیل سے قبل بحیثیت امپائر سو ٹیسٹ مکمل کرنے والے اسٹیو بکنر کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جگ موہن ڈالمیا نے خصوصی شیلڈ دی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||