پاکستان کے لیے ’کرکٹ کی جنت‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کلکتے کا ایڈن گارڈنز سٹیڈیم دنیا ئے کرکٹ کا نہ صرف ایک خوبصورت ترین میدان ہے بلکہ اس میں ایک لاکھ سے بھی زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ون ڈے مقابلہ ہو یا پھر ٹیسٹ، مقابلے میں ہندوستانی ٹیم ہو یا پھر کوئی اور ٹیم، کرکٹ کی دیوانگی کا یہاں عالم یہ ہے کہ میدان تماشائیوں سے ہمیشہ ہی کھچاکھچ بھرا ہوتا ہے۔ ویسے اس سٹیڈیم کو ہندوستان ٹیم کا نہیں بلکہ پاکستانی ٹیم کا قلعہ تصور کیا جاتا ہے کیوں کہ ایڈن گارڈنز کے اس سٹیڈیم میں اس ٹیم کو آج تک شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔ ایڈن گارڈنز پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آج تک پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے گئے جن میں سے چار ڈرا رہے اور جس واحد میچ کا نتیجہ نکلا وہ پاکستان کے حق میں گیا۔ انیس سو سینتالیس میں پاکستان کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ انیس سو باون میں پاکستانی ٹیم نے ہندوستان کا دورہ کیا۔ پانچ ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز کا آخری ٹیسٹ کلکتہ میں کھیلا گیا جو ڈرا پر ختم ہوا۔ اس کے بعد اس میدان پر چار اور ٹیسٹ مقابلے ہوئے۔ انیس سو ساٹھ، انیس سو اسی اور انیس سو چوراسی میں کھیلے گئے تینوں ہی میچوں کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا۔ لیکن انیس سو نناوے میں کھیلے جانے والے آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنے روایتی حریف کو چھیالیس رنز سے شکست دیدی تھی۔ یہ میچ سچن تندولکر کے کے رن آؤٹ کی وجہ سے تنازعے کا شکار ہوا اور آخری دن کا کھیل خالی سٹیڈیم میں ختم کرنا پڑا۔ اس میچ کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ پہلے دن پاکستانی ٹیم صرف چھبیس رنز پر چھ وکٹ کھو چکی تھی لیکن بعد میں اس کے کھلاڑیوں نے عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس تاریخی میدان پر پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کی۔ جہاں تک ونڈے مقابلے کا تعلق ہے تو ایڈن گارڈنز میں دونوں ٹیمیں آج تک تین مرتبہ آمنے سامنے ہوئیں اور تینوں ہی میچوں میں پاکستان فتحیاب رہا۔ اس میدان پر دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ انیس سو ستاسی میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے ہندوستان کو دو وکٹ سے شکست دیدی۔ صرف چھتیس گیندوں میں بہتر رنز ناٹ آؤٹ کے سکور کی وجہ سے سلیم ملک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دو سال بعد دوسری مرتبہ دونوں ٹیمیں نہرو کپ کے فائنل میں میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوئیں ۔ عمران خان ٹیم کے کپتان تھے اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ہی پاکستان نے اپنے حریف کو ستہتر رنز سے شکست دیکر ٹرافی پر اپنا قبضہ جما لیا۔ آخری مرتبہ ایڈن گارڈنز پر دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے مقابلہ پچھلے سال ہوا۔ موقع تھا بی سی سی آئی کی پلیٹینم جوبلی کا۔ لیکن ایک مرتبہ پھر ہندوستان کو پاکستان کے ہاتھوں چھ وکٹ سے شکست ہو گئی۔سلمان بٹ کو ان کی شاندار سنچری کی وجہ سے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تاہم رواں سیریز کے کلکتہ ٹیسٹ میچ میں سلمان بٹ کی ٹیم میں شمولیت انتہائی مشکوک ہے اور ان کی جگہ یاسر حمید کے کھیلنے کا امکان ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||