یونس اور یوحنا کی سنچریاں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
یونس خان اور یوسف یوحنا کی شاندار بیٹنگ کے بل پر پاکستانی ٹیم نے کولکتہ ٹیسٹ میں بھارت کو بھرپور جواب دیا ہے۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر اس نے2وکٹوں کے نقصان پر273 رنز بنا لئے تھے۔ اس طرح وہ بھارت کے پہلی اننگز کے اسکور407 سے134 رنز پیچھے ہے اور اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔ یونس خان شاندار سنچری بناکر خود کو اس دباؤ سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے جو نائب کپتان کی حیثیت سے موہالی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صرف نو اور ایک رن پر آؤٹ ہونے سے ان پر قائم ہوچکا تھا اور خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ انہیں کولکتہ ٹیسٹ سے ڈراپ کیا جاسکتا ہے لیکن کپتان انضمام الحق نے اس بات کو خارج ازامکان قرار دے دیا تھا۔ یونس خان نے ساتویں سنچری اپنے34 ویں ٹیسٹ میں 144گیندوں پر213 منٹ کی بیٹنگ میں13 چوکوں کے ساتھ مکمل کی۔ کھیل کے اختتام پر وہ 108 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ یوسف یوحنا نے بھی سنچری دن کی آخری گیند پر چوکا لگاکر مکمل کی جو ان کی ٹیسٹ میں13 ویں سنچری ہے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں یہ دونوں بیٹسمین203 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں جس نے ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا کیونکہ 70 رنز پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے۔ دونوں اسٹروکس پلیئرز ہیں لہذا انہوں نے کسی بھی بولر کو خاطر میں لائے بغیر دلکش اسٹروکس کھیلے۔ البتہ چند مواقعوں پر رن لینے کی کوشش میں وہ رن آؤٹ کے خطرے سے دوچار دکھائی دیئے۔
توفیق عمر ایک بار پھر بڑی اننگز کھیل کر اعتماد بحال کرنے میں ناکام رہے۔ حالانکہ دو ڈراپ کیچز نے انہیں اس کا بھرپور موقع فراہم کردیا تھا۔ پہلے صفر پر ڈراوڈ اور پھر ایک رن پر سہواگ نے ان کے کیچ گرائے۔ دونوں کیچ بالاجی کی گیندوں پر ڈراپ ہوئے۔ توفیق عمر18 رنز بناکر بالاجی کی گیند پر اسکوائرلیگ پر ہربھجن سنگھ کے شاندار کیچ کی بدولت پویلین کی راہ دیکھنے پر مجبور ہوگئے۔ ان سے پہلے شاہد آفریدی نے بھی جو انتہائی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے خود اپنے ہاتھوں وکٹ گنوائی۔35 کے مجموعی اسکور میں سات چوکوں کی مدد سے29 رنز بناکروہ عرفان پٹھان کی گیند پر سچن تندولکر کے ہاتھوں کیچ ہوئےتو گنگولی نے سکون کا سانس لیا۔ بھارت نے407 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز شروع کی تو19 رنز پر اس کی تین وکٹیں گرگئیں۔ لیکن ہربھجن سنگھ اور انیل کمبلے کی آخری جوڑی اسکور میں قیمتی44 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ ہربھجن سنگھ نے27 رنز بنائے۔ کمبلے21 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ عبدالرزاق، دانش کنیریا اور شاہد آفریدی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں لیکن محمد سمیع ایک مرتبہ پھر مایوس کن حد تک ناکام رہے۔ ان کی گیندوں میں ختم ہوئی کاٹ دیکھ کر بھارتی اخبارات نے لکھا ہے کہ ان جیسے بولر کولکتہ میں کلب کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اگر نئی گیند کو ضائع کروانا ہو تو بولنگ محمد سمیع کو دی جائے۔ کولکتہ ٹیسٹ کے لئے دونوں ٹیمیں یہ ہیں۔ بھارت۔سورو گنگولی ( کپتان) گوتم گمبھیر، وریندر سہواگ، سچن ٹنڈولکر، راہول ڈراوڈ، وی وی ایس لکشمن، دنیش کارتک، عرفان پٹھان، انیل کمبلے، لکشمی پاتھی بالاجی اور ہربھجن سنگھ امپائرز آسٹریلیا کے ڈیرل ہیئر اور ویسٹ انڈیز کے اسٹیو بکنر ہیں ۔ یہ بکنر کا سوواں ٹیسٹ میچ ہے۔میچ ریفری انگلینڈ کے کرس براڈ ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||