مناء رانا بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور |  |
 |  وقار یونس نے پاکستانی ٹیم کو متناسب قرار دیا ہے |
پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اورفاسٹ بالر وقار یونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹیم کے لیے بطور بالنگ کوچ اپنی دستیابی سے آگاہ کر دیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کے بعد انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ کافی عرصے کے لیے انہیں دیگر کاموں سے فراغت ہے لہذا وہ بطور بالنگ کوچ کے خدمات سر انجام دے سکتے ہیں۔ بھارت کے دورے کے لیے پاکستان ٹیم کی بابت وقار نے کہا کہ یہ ٹیم ایک متوازن ٹیم ہے اگرچہ شعیب اختر کی کمی محسوس ہو گی تاہم دوسرے بالر بھی اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ وقار کے بقول رانا نوید الحسن نے آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی دکھائی جبکہ سمیع بھی اب فٹ ہو چکے ہیں یہ ٹیم کے لیے اچھا شگون ہے۔ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے وقار نے کہا کہ وہ دونوں ٹیموں میں سے کسی کو بھی فیورٹ نہیں سمجھتے۔ دونوں ٹیموں کو کامیابی کے لیے محنت کرنا ہو گی۔ وقار یونس نے کہا کہ اگر انہیں بطور بالنگ کوچ ذمہ داری سونپی جائے گی تو وہ بالرز کی خامیاں دور کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے وقار یونس کی بطور بالنگ کوچ تقرری منگل تک متوقع ہے۔ |