عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 |  پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان |
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے پیرکو صدر پرویز مشرف سے ملاقات کی ہے جس میں دیگر باتوں کے علاوہ آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کاکردگی کے ساتھ ساتھ مبینہ سیکس اسکینڈل کا ذکر بھی ہوا ہے اور صدر مشرف نے شہریارخان کو ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں آنی چاہیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے میں کسی پاکستانی کرکٹر کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا ہے اور یہ تحقیقات مکمل کر لی گئی ہے۔  |  صدرِ پاکستان جنرل پرویز مشرف |
شہریارخان پہلے بھی یہ واضح کر چکے ہیں کہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی اس مبینہ واقعے میں ملوث نہیں اور فاسٹ بولر شعیب اختر کے وطن واپس آنے کا اس واقعے یا ان کے مبینہ طور پر نائٹ کلب جانے کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں بلکہ انہیں صرف اور صرف ان فٹ ہونے کی وجہ سے وطن واپس بلایا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل منیجر کرکٹ آپریشنز ذاکرخان اور مقامی پولیس افسر سہیل خان پر مشتمل دو رکنی وفد بھارت روانہ ہوگیا ہے جہاں وہ سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے احمد آباد کو ٹیسٹ میچ کے لیے منتخب کیا ہے جس پر شہریار خان اپنی تشویش ظاہر کر چکے ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر عباس زیدی کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان بات چیت سے طے پا جائے گا کیونکہ ابھی جو سینٹرز اعلان کیے گئے ہیں وہ حتمی نہیں ہیں۔ عباس زیدی نے اس بات کی بھی تردید کی ہے کہ دفترخارجہ نے احمد آباد میں ٹیسٹ نہ کھیلنے کے بارے میں کرکٹ بورڈ کو کسی قسم کی ہدایت کی ہے۔ |