عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 |  پاکستانی کھلاڑیوں نے حال میں برٹش اوپن جونئیر میں بھی اچھی کاکردگی دکھائی تھی۔ |
پاکستان کے جونیئر اسکواش کے کوچ رحمت خان پرعزم ہیں کہ ان کے کھلاڑی 12 ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں بھی اسی طرح توقعات پر پورے اتریں گے جس طرح وہ برٹش اوپن جونیئر مقابلوں میں پورے اترے تھے۔ ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ20 سے28 جنوری تک بھارت کے شہر چنئی (مدراس) میں ہورہی ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی عامر اطلس، بلال زمان، عاقب حنیف اور عالم زیب کررہے ہیں جبکہ گرلز ٹیم ماریہ طور، سارہ اعوان، عالیہ سرفراز اور زویا خالد پر مشتمل ہے۔ رحمت خان ، جن کیٹیم کے نوجوان کھلاڑی پچھلے چند برسوں سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ورلڈ جونیئرز چیمپئن شپ جیتنے کے علاوہ برٹش اوپن جونیئرز میں بھی اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلاچکے ہیں ، کہتے ہیں کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے چار کھلاڑیوں کے خلاف ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ہونے والی کارروائی کے بعد وہ خود پر زبردست دباؤ محسوس کررہے تھے کہ دیگر کھلاڑی کس طرح کی کارکردگی دکھاتے ہیں لیکن انہیں یقین تھا کہ یہ نوجوان کھلاڑی بھی مطلوبہ نتائج دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اب اسی یقین کے ساتھ وہ ایشین جونیئر میں حصہ لینے بھارت جارہے ہیں جہاں تین سال قبل پاکستان نے20 سال کے طویل انتظار کے بعد ورلڈ جونیئرٹائٹل رحمت خان کی کوچنگ میں حاصل کیا تھا۔ رحمت خان کا کہنا ہے کہ حالیہ برٹش اوپن جونیئر جیتنے والے باسط اشفاق کے علاوہ یاسربٹ اور موجودہ ایشین جونیئر چیمپئن فرحان محبوب اب بھی ایشین جونیئرچیمپئن شپ میں حصہ لے سکتے تھے لیکن انہیں بتادیا گیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتیں اب سینئر مقابلوں میں آزمائیں اسی لئے دوسرے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا گیا ہے۔ عامراطلس برٹش اوپن جونیئر کے اسکواڈ میں شامل تھے باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور ایشین جونیئر ٹائٹل جیتنے کے لئے فیورٹ ہیں جبکہ بلال زمان برٹش اوپن انڈر17 کے فائنلسٹ ہیں۔ ایشین جونیئراسکواش مقابلوں کا آغاز1983ء میں ہوا تھا اب تک کھیلی جانے والی گیارہ چیمپئن شپ میں سے دس پاکستان نے جیتی ہیں جبکہ انفرادی مقابلوں میں9 مرتبہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بازی جیتی ہے۔جان شیرخان، عبدالرشید اور منصورزمان دو دو مرتبہ ایشین جونیئر چیمپئن بنے ہیں عمرحیات، امجد خان اور فرحان محبوب ایک ایک بار کامیاب رہے ہیں صرف دو مرتبہ ٹائٹل پاکستان کی دسترس سے باہر رہا ہے جب ہانگ کانگ کے جیکی لی اور ملائشیا کے ازلان اسکندر چیمپئن بنے ہیں۔ |