ولسٹروپ پاکستان اوپن جیت گئے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دو سابق عالمی چیمپئنز جوناتھن پاور اور ڈیوڈ پامر کی موجودگی میں پاکستان اوپن اسکواش کا ٹائٹل ایک سابق جونیئر عالمی چیمپئن لے اڑے۔ انگلینڈ کے جیمز ولسٹروپ جنہوں نے گزشتہ سال چنئی بھارت میں ورلڈ جونیئر ٹائٹل جیتا تھا جمعہ کو اسلام آباد کے مصحف علی میر اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے پاکستان اوپن کے فائنل میں آسٹریلیا کے انتھونی رکٹس کو چار گیمزکے مقابلے میں شکست دے دی۔ سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن جوناتھن پاور کو ہرانے والے رکٹس کی ولسٹروپ کو قابو کرنے کی ہر کوشش ناکام رہی۔ ولسٹروپ نے سیمی فائنل میں ہم وطن نک میتھیو کو ہرایا تھا۔ پاکستان کے نقطہ نظر سے پاکستان اوپن اس لیے ناکام رہی کہ چار کھلاڑیوں میں صرف ایک شاہد زمان ہی کوارٹر فائنل میں پہنچ سکے جہاں وہ نک میتھیو سے ہارگئے۔ تاہم دو میچوں میں انہوں نے ایڈرین گرانٹ اور جوزف نیپ جیسے سیڈڈ کھلاڑیوں کو ہرایا تھا۔ یاسربٹ پہلے جبکہ منصور زمان اور شمس کاکڑ کو دوسرے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 1998 میں امجد خان کے بعد کوئی بھی پاکستانی پاکستان اوپن جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||