قومی ٹی ٹوئنٹی فائنل، کراچی بلوز اور پشاور مدمقابل

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
کراچی بلوز اور پشاور کی ٹیمیں راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں مدمقابل ہورہی ہیں جو منگل کی شب کھیلا جارہا ہے۔
سیمی فائنل میں کراچی بلوز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان کو آٹھ رنز سے شکست دی۔
پشاور نے سیالکوٹ کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا۔
پہلے سیمی فائنل میں کراچی بلوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 189 رنز بنائے۔
فواد عالم نے60 رنز ناٹ آؤٹ اور اسد شفیق نے 53 رنز سکور کیے۔
ایک مرحلے پر کراچی کی تین وکٹیں صرف بائیس رنز پر گرچکی تھیں جس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ستاون رنز کا اضافہ کیا۔
سرفراز احمد 38 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔
ان کی سولہ گیندوں کی اننگز میں ایک چھکااور سات چوکے شامل تھے۔
اسد شفیق اور فواد عالم کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں پچہتر رنز بنے۔
شاہد آفریدی صرف چار رنز بنا پائے۔
ماجد علی اور راحت علی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ملتان کی ٹیم نو وکٹوں پر181 رنز بناسکی۔
ملتان کی بڑی امیدیں کامران اکمل سے وابستہ تھیں جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں بنارکھی تھیں لیکن اس اہم میچ میں وہ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
صہیب مقصود نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی لیکن چار چھکوں کی مدد سے 38رنز بناکر وہ آفریدی کی گیند پر سرفرازاحمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
عامر یامین نے 45 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
کراچی کی طرف سے عبدالامیر نے تین اور رومان رئیس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
رومان رئیس کی اس ٹورنامنٹ میں وکٹوں کی تعداد سولہ ہوگئی ہے۔
دوسرے سیمی فائنل میں سیالکوٹ کی ٹیم نے7 وکٹوں پر169 رنز بنائے۔
عدیل ملک نے تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے70 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
کپتان شعیب ملک صرف ا یک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پشاور نے رفعت اللہ مہمند اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کے سبب آٹھ گیندیں پہلے مطلوبہ سکور پورا کرلیا۔
رفعت اللہ مہمند نے 78 رنز بنائے جس میں پانچ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
محمد رضوان نے آؤٹ ہوئے بغیر 47 رنز سکور کیے۔



