ورلڈ ٹی 20 سے پہلے ٹیم میں تبدیلی نہ کریں: شاہد آفریدی

شاہد آفریدی جمعہ کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشاہد آفریدی جمعہ کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں

پاکستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے سلیکشن کمیٹی سے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی 20 سے تین ماہ پہلے ٹیم میں کوئی ردوبدل نہ کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ یہ درخواست اس لیے کی گئی ہے تاکہ جو بھی کھلاڑی اس وقت ٹیم کا حصہ ہیں، انھیں اعتماد حاصل ہو اور انھیں پتہ ہو کہ وہ ورلڈ ایونٹ میں پرفارم کریں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 آئندہ سال 11 مارچ سے تین اپریل تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کو ورلڈ ٹی 20 تک پاکستانی ٹیم کا کپتان مقرر کر رکھا ہے۔

شاہد آفریدی جمعے کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ سیلیکشن کمیٹی کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے تاہم انھوں نے درخواست کی ہے کہ کھلاڑیوں کو اعتماد دینے اور ان کی کارکردگی میں تسلسل لانے کی غرض سے ٹیم میں ردوبدل آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 سے تین ماہ پہلے تک مکمل کر لیا جائے۔

آفریدی نے بتایا کہ انھوں نے سلیکشن کمیٹی سے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس دینے والے نئے سپنروں اور آل راؤنڈروں کو بھی ٹیم میں شامل کیا جائے۔

شاہد آفریدی 23 ٹی ٹو 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں تاہم ان میں وہ صرف نو جیت سکے ہیں اور 14 میں انھیں شکست ہوئی ہے جو ٹی 20 میں کسی بھی پاکستانی کپتان کی سب سے زیادہ ناکامیاں ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف منتخب کردہ ٹیم بہترین دستیاب کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شعیب ملک اور محمد سمیع بگ بیش اور ڈومیسٹک کرکٹ کی عمدہ کارکردگی پر ٹیم میں واپس آئے ہیں اور یہ دونوں تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عمراکمل اور احمد شہزاد دو باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

آفریدی نے کہا کہ ان سمیت ہر کرکٹر کو یہ سمجھنا ہو گا کہ وہ کارکردگی کی بنیاد پر ہی ٹیم میں ہے اور اسے یہ ثابت کرنا ہو گا۔

زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز کے بارے میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے مقابلے میں مختصر دورانیے کی کرکٹ آسان نہیں ہے اور اس میں وہی ٹیم کامیاب ہوتی ہے جو اس دن اچھا کھیلتی ہے۔