لاہور میں دورۂ زمبابوے سے پہلے سخت حفاظتی انتظامات

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, بیورو رپورٹ
- عہدہ, لاہور
پاکستان کے شہر لاہور میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورے سے پہلے سخت حفاظتی اِنتظامات کیے جا رہے ہیں۔
سنیچر کے روز پولیس کی ٹیموں نے زمبابوے ٹیم کی آمد سے قبل فُل ڈریس ریہرسل کی جس میں ایئر پورٹ سے نجی ہوٹل اور پھر قذافی سٹیڈیم تک سفر کر کے حالات کا جائزہ لیاگیا۔
قذافی سٹیڈیم کےآس پاس موجود تمام کاروباری مراکز اور ریستورانوں کو بھی دو ہفتوں کے لیے بند کر دیاگیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی سٹیڈیم کے گردو نواح میں موجود رہی۔
واضح رہے کہ زمبابوے کی ٹیم منگل کو پاکستان پہنچےگی جہاں اُس نے دو ٹی 20 اور تین ایک دوزہ میچ کھیلنے ہیں جن کا باقاعدہ آغاز 22 مئی سے ہوگا۔
سنہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد یہ کسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔
ضلعی رابطہ آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ دورہ زمبابوے کے لیے رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں اور اُن کو مختلف مقامات پر تعین کیا جائے گا تا کہ سکیورٹی کے معاملات میں کسی قسم کی کمی نہ رہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
میچوں کے دوران موبائل فون بند کرنے کے حوالے سے کیپٹن عثمان کا کہنا تھا کہ اگر سکیورٹی اداروں کی جانب سے کوئی ایسی ہدایات جاری کی گئیں تو اُس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
ضلعی رابطہ آفیسر نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں فوری اِنخلا کے لیے بھی ایک پلان بنایا گیا ہے اور اِس مقصد کے لیے پولیس کو اُن کی ضرورت کے مطابق وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
کیپٹن عثمان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کی ٹیم کے سفر کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی ایک جامع منصوبہ بھی تیار کیاگیا ہے جس سے شہریوں کو اشتہارات کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا تا کہ وہ متبادل روٹ کا اِستعمال کر سکیں۔
انھوں نے کہا کہ سنیچر سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تشہیری مہم شروع ہو جائے گی جس میں ٹکٹ کے حصول ، کاروں کی پارکنگ اور داخلی راستوں کے بارے میں عوام کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔



