زمبابوے کا دورہ کیا صرف لاہور تک محدود؟

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
زمبابوے کی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کے مختصر دورے پر آ رہی ہے لیکن یہ دورہ صرف لاہور تک محدود ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ مارچ دو ہزار نو میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی کوئی بھی ٹیم پاکستان نہیں آئی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور زمبابوے کے مثبت جواب کے نتیجے میں یہ کوششیں بارآور ہوتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
تاہم اطلاعات یہ ہیں کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کو کراچی میں میچز کھیلنے پر تحفظات ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ کے صدر نے انھیں آئی سی سی کے گذشتہ دنوں ہونے والے اجلاس میں یہ بتا دیا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم مئی کے وسط میں پاکستان آئے گی اور یہ دورہ ایک ہفتے کا ہوگا۔
شہریارخان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی سکیورٹی ٹیم پاکستان آکر یہاں اپنے کھلاڑیوں کو دی جانے والی سہولتوں اور سکیورٹی کا جائزہ لے گی۔
انھوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ زمبابوے کی ٹیم کراچی میں بھی میچ کھیلے اور وہ یہ میچ ساؤتھ اینڈ کلب میں کرانا چاہتے ہیں جہاں زمبابوے کی ٹیم کو ٹھہرانے کی سہولت بھی موجود ہے اس صورت میں زمبابوے کی ٹیم کو فائیوسٹار ہوٹل سے نیشنل سٹیڈیم تک کا سفر نہیں کرنا پڑے گا تاہم ساؤتھ اینڈ کلب میں انٹرنیشنل میچ کرانے کے لیے آئی سی سی کی منظوری درکار ہے جس کے لیے آئی سی سی سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ساؤتھ اینڈ کلب1992 میں ڈیفنس کرکٹ سٹیڈیم کے نام سے زمبابوے کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کی میزبانی کر چکا ہے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہونے والے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستانی امپائرز فرائض انجام دیں گے کیونکہ آئی سی سی نے اپنے امپائرز پاکستان بھیجنے سے معذرت کر لی ہے۔



