آزمائے ہوئے شعیب اور سمیع کی واپسی مگر اجمل ڈراپ

شعیب ملک نے آخری بار گذشتہ سال بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنشعیب ملک نے آخری بار گذشتہ سال بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سیلیکشن کمیٹی نے ایک قدم آگے اور دو قدم پیچھے کے مصداق آزمائے ہوئے چند کرکٹروں کو چند نئے چہروں کے ساتھ شامل کرتے ہوئے زمبابوے کے خلاف دو ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ دو میچ 20 اور 24 مئی کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

ماضی میں متعدد بار آزمائے ہوئے شعیب ملک اور فاسٹ بولر محمد سمیع پر قسمت دوبارہ مہربان ہوگئی ہے۔

محمد سمیع نے آخری بار پاکستان کی نمائندگی 2012 کے دورہ سری لنکا میں کی تھی۔ وہ اب پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میں دس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

شعیب ملک آخری بار گذشتہ سال بنگلہ دیش میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کھیلے تھے۔

بین الاقوامی کرکٹ میں ان کی متواتر مایوس کن کارکردگی کے باوجود انھیں ٹیم میں منتخب کرنے کے بارے میں یہ دلیل دی جا رہی ہے کہ انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ آسٹریلیا میں بگ بیش بھی کھیل رہے ہیں۔

عمر اکمل کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کی پاداش میں ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنعمر اکمل کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کی پاداش میں ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا

ورلڈ کپ کے بعد ڈسپلن کی خلاف ورزی کی پاداش میں ٹیم سے باہر کیے جانے والے احمد شہزاد اور عمر اکمل کی بھی واپسی ہوئی ہے۔

نئے کھلاڑیوں میں نعمان انور اور عماد وسیم نے سلیکٹروں کا اعتماد حاصل کیا ہے۔

19 سالہ نعمان انور نے پیر کے روز فیصل آباد میں ٹی 20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، جب کہ عماد وسیم پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔

بنگلہ دیش کے دورے میں ٹیم کا حصہ بننے والے سعید اجمل، سہیل تنویر، عمرگل، جنید خان، سعد نسیم، عمران خان اور حارث سہیل کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی15 رکنی ٹیم شاہد آفریدی (کپتان)، احمد شہزاد، سرفراز احمد، محمد حفیظ، مختار احمد، نعمان انور، شعیب ملک، عمر اکمل، محمد رضوان، انورعلی، حماد اعظم، عماد وسیم، بلاول بھٹی، وہاب ریاض اور محمد سمیع پر مشتمل ہے۔