عمر اکمل کا لیسٹرشائر سے معاہدہ

،تصویر کا ذریعہAP
پاکستانی بیٹسمین عمراکمل نے انگلش کاؤنٹی لیسٹر شائر کی جانب سے مختصرمدت کے لیے کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے۔
عمراکمل کا یہ معاہدہ ایجنٹ تھنک سپورٹس کے توسط سے عمل میں آیا ہے جس کے تحت وہ آئندہ ماہ لیسٹرشائر کی طرف سے چار ٹی ٹوئنٹی میچوں میں حصہ لیں گے۔
وہ نیوزی لینڈ کےگرانٹ ایلیٹ کی جگہ لیں گے جو نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دورۂ انگلینڈ میں مصروف ہونے کے سبب آئندہ ماہ کاؤنٹی کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ عمراکمل کو ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے نتیجے میں بنگلہ دیش کے دورے پر جانے والی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔
عمراکمل نے ورلڈ کپ کے سات میچوں میں صرف 164 رنز بنائے تھے جن میں صرف ایک نصف سنچری ویسٹ انڈیز کے خلاف شامل تھی۔ عمراکمل کے علاوہ شاہد آفریدی اور وہاب ریاض بھی اس سیزن میں کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
وہاب ریاض نے ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے سرے سے معاہدہ کیا ہے جبکہ شاہد آفریدی نارتھمپٹن شائر کی نمائندگی کررہے ہیں۔



