پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ دوسرا ٹیسٹ: کیا آج کیچز ڈراپ کرنے کا دن تھا؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
نیوزی لینڈ کے بیٹسمین ہنری نکلز نے جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند کو اپنے بلے کا کنارہ لے کر وکٹ کیپر رضوان کے پاس جاتے دیکھا تو یقیناً انھیں یہ امید ضرور ہو گی کہ پچھلے کیچز کی طرح یہ کیچ بھی گِر جائے گا اور ہوا بھی یہی۔
پاکستانی بیٹسمین کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے پہلے دن اپنی اننگز بچا نہ سکے تھے جو صرف 297 رنز پر سمٹ گئی تھی اور آج دوسرے دن پاکستانی فیلڈرز کے ہاتھوں سے نکلنے والے چانسز کے بعد اگر یہ میچ ان کے ہاتھ سے نکل جاتا ہے تو اس بات حیران نہیں ہونا چاہیے۔
ڈراپ کیچز
کپتان ولیم سن جب 82 رنز پر کھیل رہے تھے تو سلپ میں کھڑے حارث سہیل اور شان مسعود دیکھتے ہی رہ گئے اور گیند ان کے درمیان سے نکل گئی۔
ولیم سن سنچری مکمل کرنے کے بعد 107رنز پر تھے جب فہیم اشرف کی گیند پر گلی پوزیشن میں کھڑے شان مسعود ان کا کیچ لینے میں ناکام رہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہنری نکلز کو 87 رنز پر اس وقت چانس ملا جب نئی گیند کے ساتھ پہلا اوور کرنے والے شاہین آفریدی کی بولنگ پر وکٹ کیپر محمد رضوان کیچ نہ لے سکے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کین ولیمسن کو کون روکے؟
پاکستانی ٹیم کے لیے اس وقت تک سب کچھ اچھا تھا جب 71 کے سکور پر اس نے راس ٹیلر کی وکٹ اپنے قابو میں کر لی تھی۔ اس سے قبل 52 کے سکور پر اسے ایک نہیں بلکہ دو کامیابیاں ٹام لیتھم اور ٹام بلنڈل کی وکٹوں کی صورت میں حاصل ہو چکی تھیں لیکن پھر کین ولیم سن اس کی راہ میں دوبارہ حائل ہو گئے۔
کین ولیمسن عالمی رینکنگ میں نمبر ایک بیٹسمین بننے سے پہلے بھی نمبر ایک بیٹسمین کی طرح بیٹنگ کرتے آ رہے تھے اور اب جب وہ آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں سب سے بلند درجے پر فائز ہو چکے ہیں تو جیسے تین ہندسوں کی اننگز کھیلنا ان کے لیے معمول بن چکا ہے۔
پہلے ٹیسٹ میں شاندار ڈبل سنچری کے بعد ہیگلی اوول کی ڈراپ ان پچ پر بھی انھوں نے ایک اور شاہکار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنا دیا ہے۔
وہ اپنی 24 ویں سنچری مکمل کرتے ہوئے 112رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس کارکردگی کے سبب نیوزی لینڈ نے دوسرے دن کے کھیل کا اختتام 286 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر کیا یعنی پاکستان کے سکور 297 سے وہ صرف 11رنز پیچھے ہے اور ابھی اس کی سات وکٹیں پوری طرح محفوظ ہیں۔
ہنری نکلز جو پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں نصف سنچری بنا سکے تھے اس بار 89 رنز بنا کر اپنی ساتویں سنچری کے قریب آ چکے ہیں۔ ہنری نکلز اور ولیمسن کے درمیان پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ کی ریکارڈ 215 رنز کی شراکت پاکستانی ٹیم کو آہستہ آہستہ دلدل میں دھکیلتی جا رہی ہے۔
بابراور کوہلی نہیں تو پھر ولیم سن کیوں؟
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے بارے میں دلچسپ تبصرے سوشل میڈیا کی زینت بنے ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر بازید خان نے ازراہ تفنن ٹویٹ کیا ہے کہ ولیم سن کیوں کھیل رہے ہیں اگر بابر اعظم اور وراٹ کوہلی موجود نہیں ہیں؟

،تصویر کا ذریعہTwitter
کرکٹ کے اعدادوشمار پر نظر رکھنے والے مظہرارشد نے پاکستانی بولنگ اٹیک کے بارے میں سوال اٹھایا ہے کہ آپ ایک ہی سیزن میں صرف ایک نئے بولر کو موقع دے سکتے ہیں تین نوجوان بولرز کو کیسے ٹیسٹ کیپ دے سکتے ہیں؟ نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور محمد موسیٰ نے آٹھ فرسٹ کلاس میچ بھی نہیں کھیل رکھے تھے۔
تجزیہ کار کامران مظفر کہتے ہیں کہ فہیم اشرف نے اس دورے میں کسی بھی پاکستانی بولر کی جانب سے سب سے بہترین سپیل کیا۔ ان کا کنٹرول عمدہ تھا اور ولیم سن کو تقریباً آؤٹ کر دیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
صحافی سہیل عمران نے ٹویٹ کیا ہے کیچز کھلاڑی گراتے ہیں اور سختی فیلڈنگ کوچ کی آ جاتی ہے۔ اب پھر فیلڈنگ کوچ عبدالمجید کو برابھلا کہنے کا وقت شروع ہو چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس بارے میں بھی دلچسپ تبصرے ہو رہے ہیں کہ کیمرے نے دکھایا کہ امپائر نے انگلی بلند کر دی لیکن کیچ ڈراپ ہو گیا۔
صحافی شاہد ہاشمی نے ٹویٹ کیا ہے کہ امپائر جیفرنی نے انگلی فضا میں بلند کرنے کے بعد فوراً نیچے کر لی تھی جب رضوان نے نکلز کا کیچ ڈراپ کر دیا۔
میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے ایک تماشائی نے آسٹریلوی بیٹسمینوں سٹیو اسمتھ اور جو برنس پر پلے کارڈ کے ذریعے طنز کا موقع بھی ہاتھ سے نہیں جانے دیا جو ان دنوں ناکامی سے دوچار ہو رہے ہیں۔












