پی ایس ایل: کراچی کنگز نے گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دے دی

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

اتوار کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے 28ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دے دی۔

اس انتہائی اہمیت کے حامل میچ میں کراچی کنگز نے کامیابی حاصل کر کے پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔

اس نتیجے کے بعد لاہور قلندر کی ٹیم پلے آف مرحلے سے باہر ہو گئی ہے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے سے پہلے نکل چکی ہے۔ پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں جانے والی ٹیموں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ شامل ہیں۔

کوئٹہ کی اننگز

کراچی کنگز کے 190 رنز کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم کو میچ کے آخری اوور میں جیت کے لیے پانچ رنز درکار تھے۔

تاہم عثمان شنواری کی تباہ کن بولنگ کی بدولت گلیڈی ایٹرز ہدف حاصل نہ کر سکی۔ عثمان شنواری نے آخری اوور میں احمد شہزاد، انور علی اور سرفراز احمد کو آؤٹ کیا۔ عثمان شنواری کو میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز ہی بنا پائی۔ گلیڈی ایٹرز کے احمد شہزاد نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 99 رنز بنائے۔ انھوں نے ٹیم کو ہدف کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا اور گراؤنڈ کے چاروں جانب دلکش سٹروکس کھیلے۔

جبکہ کپتان سرفراز احمد میچ کے سنسنی خیز لمحات میں بنا کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔ محمد نواز بھی بنا کوئی رن بنائے شنواری کا شکار ہوئے۔

ڈویئن براوو نو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ گلیڈی ایٹرز کے عمر اکمل بھی 27 رنز بنا کر عمر خان کا شکار ہوئے جبکہ انھیں کی گیند پر 10 رنز بنانے کے بعد ریلی روسو بھی وکٹ کیپر کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوئے تھے۔ کوئٹہ کے سٹار اوپنر شین واٹسن کو بھی 19 رنز پر نوجوان سپنر عمر خان نے آؤٹ کیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

کراچی کنگز کی اننگز

کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ کراچی کے افتخار احمد نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 44 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ کپتان عماد وسیم بھی ناٹ آؤٹ رہے انھوں نے 4 رنز بنائے۔

کنگز کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کنگز کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی بین ڈنک تھے جو 18 رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

کراچی کنگز کے اوپنر بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروکس کھیلے اور 46 گیندوں پر 56 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ کولن انگرام بھی 24 رنز بنا کر حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

کراچی کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیونگسٹون تھے جو صرف پانچ رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بنے۔ اس سے پہلے کولن منرو 30 رنز بنا کر فواد احمد کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے!

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

اس سے پہلے دونوں ٹیمیں شارجہ میں 24 فروری کو مدمقابل آئیں تھی جس میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

آج کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد کی کپتانی میں انور علی، ڈویئن براوو، محمد حسنین، احمد شہزاد، عمر اکمل، ریلی روسو، محمد نواز، شین واٹسن، سہیل تنویر اور فواد احمد پر مشتمل تھی۔

جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم کپتان عماد وسیم، عامر یامین، بابر اعظم، بین ڈنک، کولن انگرم، کولن منرو، لییم لیونگسٹون، سہیل خان، افتخار احمد، عثمان شنواری اور عمر خان پر مشتمل تھی۔