فہیم اور ڈیلپورٹ کی شاندار کارکردگی، قلندرز کو 49 رنز سے شکست

،تصویر کا ذریعہPCB
پاکستان سپر لیگ کا سفر متحدہ عرب امارات میں ختم ہو گیا اور اس لیگ کی رونقیں اب پاکستان منتقل ہوگئیں ہیں۔ آج کراچی کا نیشنل سٹیڈیم پی ایس ایل کے 27ویں میچ کی میزبانی کررہا تھا جس میں یونائیٹڈ نے قلندرز کو 49 رنز سے شکست دے دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس فتح کے ساتھ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ یونائیٹڈ نے قلندرز کو جیت کے لیے 239 رنز کا ہدف دیا جو کہ پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور ہے۔
لاہور قلندرز نے جواب میں اپنے مقررہ 20 اوورز میں 189 رنز بنائے اور ان کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 19 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فہیم اشرف اس سال کے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔ آج کی عمدہ کارکردگی کے بعد انھوں نے حسن علی کو اس فہرست میں پیچھے چھوڑ دیا اور اب ان کی اس ٹورنامنٹ میں 19 وکٹیں ہیں۔
سہیل اختر نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 75 رنز کی اننگ کھیلی اور ایک وقت پر تو ایسے لگنے لگا کہ قلندرز اس پہاڑ جیسے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے مگر سہیل اختر اور قلندرز کی امیدوں ہر فہیم اشرف کی عمدہ بولنگ نے پانی پھیر دیا۔
قلندرز کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اینٹون ڈیوسچ تھے جو 18 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان نے مختصر سے وقت میں 20 گیندوں پر 38 رنز بنائے اور انھیں بھی فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔ حارث سہیل بھی فہیم اشرف کا شکار بنے اور بغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹ گئے۔
رکی ویسلز نے 20 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوئے اور اس طرح آٹھویں اوور میں قلندرز کا یہ چوتھا نقصان تھا۔ ڈیوڈ وائز نے 12 رنز کی اننگ کھیلی اور انھیں رومان رئیس نے آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہPCB
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے جو کہ پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور ہے۔
اسلام آباد کی جانب سے کیمرون ڈیلپورٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف چھکوں کی برسات کردی۔انھوں نے اپنی سنچری 49 گیندوں پر بنائی اور 117 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
آصف علی نے بھی کیمرون ڈیلپورٹ کا بھرپور ساتھ دیا اور صرف 21 گیندوں پر 55 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے بولنگ مایوس کن رہی اور اپنے مقررہ چار اوورز میں شاہین آفریدی نے 62 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ حاصل کی۔ سندیپ لامی چانے اور ڈیوڈ وائز نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رانکی نے بیٹنگ کا آغاز کیا مگر اننگ کی پہلی ہی گیند پر شاہین آفریدی کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ فلپ سالٹ بھی صرف 10 رنز ہی بنا پائے اور سندیپ لامی چانے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
چیڈوک والٹن آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جو 48 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے بعد ڈیوڈ وائز کی گیند پر بولڈ ہوگئے

،تصویر کا ذریعہPCB
پاکستان سپر لیگ کے آخری مرحلے کے میچ لاہور اور کراچی میں کھیلے جانے تھے لیکن براڈ کاسٹرز کے ساز و سامان اور آلات کی بروقت لاہور منتقلی نہ ہونے کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین مارچ کو یہ فیصلہ کیا کہ پاکستان میں ہونے والے تمام آٹھ میچ کراچی میں ہوں گے جن میں 17 مارچ کو کھیلا جانے والا فائنل بھی شامل ہے۔
پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل کا جائزہ لیا جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ اس فتح کے ساتھ دس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کا گروپ مقابلوں میں یہ آخری میچ تھا جبکہ قلندرز کا آخری میچ ملتان سلطانز کے خلاف 11 مارچ کو ہوگا۔
مزید پڑھیے

،تصویر کا ذریعہPCB
لاہور قلندرز اب بھی ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئے اور وہ اس صورت میں اگلے مرحلے میں جاسکتے ہیں اگر کراچی کنگز اپنے دونوں میچ ہار جائے اور قلندرز اپنے آخری میچ میں ملتان سلطانز کو بھاری شکست دے۔ اس صورت میں بھی کراچی اور لاہور کے درمیان کوالیفائی کرنے کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔
پی ایس ایل کا 28واں میچ کل نیشنل سٹیڈیم میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائے گا۔









