پاکستان، آسٹریلیا سیریز: ’سرفراز کو ٹیم کے ساتھ یو اے ای میں ہونا چاہیے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں آرام دینے کے فیصلے پر شروع ہونے والی بحث میں شدت آتی جارہی ہے۔
سرفراز احمد کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو آرام دینے کی صورت میں بھی انہیں ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیے
آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے جا رہی ہے۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق معین خان کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو آرام کی یقیناً ضرورت تھی کیونکہ وہ پچھلے چند ماہ سے مسلسل کھیلتے آ رہے ہیں اور یہ بھی سمجھتے ہیں کہ سلیکٹرز نے یہ اہم فیصلہ ان سے مشاورت کر کے ہی کیا ہو گا۔
ہمیں اس فیصلے کا احترام کرنا چاہیے کہ اس کا تعلق کسی بھی کرکٹر کی انفرادی حیثیت سے ہوتا ہے کہ وہ کتنا کھیلنا چاہتا ہے اور اسے آرام کی کتنی ضرورت ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
معین خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر سرفراز احمد کو آرام دینا ضروری بھی تھا تب بھی انہیں ٹیم کے ساتھ ہونا چاہیے کیونکہ وہ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بنائے گئے ہیں اور بہتر ہوتا کہ وہ ٹیم کے ساتھ رہ کر اس کی حکمتِ عملی اور کارکردگی پر نظر رکھتے کیونکہ ان کا ہر فیصلے میں شامل ہونا بہت ضروری ہے۔

،تصویر کا ذریعہPCB
معین خان سے جب پوچھا گیا کہ کیا سرفراز احمد کو پاکستان سپر لیگ کے آخری لیگ میچ میں بھی آرام دیا جا سکتا ہے تو انہوں نے کہا کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ سرفراز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں موجودگی بہت ضروری ہے۔
یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نو میچز میں چودہ پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست ہے اور وہ پلے آف میں اپنی جگہ بنا چکی ہے۔
وہ اپنا آخری لیگ میچ اتوار کے روز کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گی۔










