پی ایس ایل: کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہPCB
کولن انگرام کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
وکٹ کے چاروں جانب شاندار سٹروکس کھیلتے ہوئے انگرام نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی پہلی سنچری بھی اپنے نام کی۔
کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 187 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
کولن انگرام 59 گیندوں پر آٹھ چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 127 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگرام کو مین آف دی میچ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
کنگز کے ہاتھوں ہونے والی شکست کے نتیجے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کے موجودہ ایڈیشن میں اپنے ناقابلِ شکست ہونے کے اعزاز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔
یہ گلیڈی ایٹرز کی چوتھے ایڈیشن میں پہلی شکست ہے۔

،تصویر کا ذریعہPCB
کنگز نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر گلیڈی ایٹرز نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے تھے۔
ہدف کے تعاقب میں کنگز کی پہلی وکٹ اننگز کی پہلی ہی گیند پر گر گئی جب بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے سہیل تنویر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسرے ہی اوور میں محمد نواز نے گلیڈی ایٹرز کو ایک اور کامیابی کولن منرو کی وکٹ کی صورت میں دی۔ منرو صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اویس ضیا 19 رنز بنا کر فواد احمد کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
تاہم اس کے بعد چوتھی وکٹ کی شراکت میں انگرم اور لییم لیونگسٹون نے سکور میں 91 رنز کا اضافہ کیا۔
145 کے مجموعی سکور پر لیونگسٹون 18 رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر انھیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ بن ڈنک 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے 21 رنز کے عوض دو وکٹیں لے کر سہیل تنویر نمایاں بولر رہے۔

،تصویر کا ذریعہPCB
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عمر اکمل 37 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
یہ بھی پڑھیے:
کنگز کو پہلی کامیابی تیسرے اوور میں اوپنر احسن علی کی وکٹ کی صورت میں ملی۔ وہ سات رنز بنا کر عامر یامین کی گیند پر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
61 کے مجموعی سکور پر شین واٹسن 25 رنز بنا کر عمر خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
عمر اکمل کے ساتھ کامیاب پارٹنرشپ اور 44 رنز کی بہترین اننگز کے بعد ریلی روسو عامر یامین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز ڈوین سمتھ تھے جو نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہPCB
کراچی کنگز کی جانب سے نمایاں بولر عامر یامین رہے جنھوں نے 37 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر اور عمر خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں سرفراز احمد کی کپتانی میں گلیڈی ایٹرز نے اب تک پانچ میچ کھیلے ہیں اور چار میچ جیت کر یہ پوائنٹس ٹیبل پر آٹھ پوائنٹس کے ساتھ یہ سرِفہرست ہے۔
دوسری جانب کراچی کنگز نے اب تک کھیلے گئے پانچ میچوں میں سے دو میں کامیابی حاصل کی ہے اور چار پوائنٹس کے ساتھ یہ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔
سرفراز احمد کی کپتانی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم شین واٹسن، احسن علی، ریلی روسو، عمر اکمل، ڈوین سمتھ، محمد نواز، غلام مدثر، سہیل تنویر، انور علی، اور فواد احمد پر مشتمل تھی۔
کراچی کنگز کی ٹیم کپتان عماد وسیم، عامر یامین، اویس ضیا، بابر اعظم، بین ڈنک، کولن انگرم، کولن منرو، لییم لیونگسٹون، محمد عامر، سہیل خان، اور عمر خان پر مشتمل تھی۔









