کوئی میچ کھیلے بغیر سمتھ عالمی رینکنگ میں دوبارہ سرفہرست

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آسٹریلین کرکٹر سٹیو سمتھ نے رواں سال مارچ میں پابندی کے بعد کوئی میچ نہیں کھیلا لیکن ٹیسٹ کرکٹ کے عالمی رینکنگ میں وہ ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔
سٹیو سمتھ پر دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے کے بعد قومی و بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی ایک سال کی پابندی عائد ہے۔
انڈین کپتان وراٹ کوہلی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 200 رنز بنا کر پہلے نمبر پر آگئے تھے لیکن دوسرے ٹیسٹ میں وہ صرف 40 رنز بنا سکے جس سے ان کی رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی ہوگئی۔
آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ جونی بیئرسٹو اتوار کو انڈیا کے خلاف 93 رنز کی اننگز کھیل کر نویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
دوسری جانب بولرز کی درجہ بندی میں انگلینڈ کے ہی جمی اینڈرسن کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے زیادہ دوسرے اور انڈیا کے رویندر جدیجا تیسرے نمبر پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں!
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انگلش آل راؤنڈرز لارڈز میں ہی عمدہ کارکردگی کی بدولت آل راؤنڈرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں اور ان کی ساتویں پوزیشن ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی ٹیسٹ بولرز، بیٹسمینوں اور آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں ٹاپ ٹیسٹ پوزیشن میں کوئی پاکستانی کرکٹر شامل نہیں ہے۔
ٹیسٹ ٹیموں کی رینکنگ میں انڈیا پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اس درجہ بندی میں پاکستان کا نمبر ساتواں ہے۔
آئی سی رینکنگ کیسے کی جاتی ہے؟
آئی سی سی رینکنگ میں کھلاڑیوں کو صفر سے 1000 پوائنٹس پر رینک کیا جاتا ہے۔
’کھلاڑی کے پوائنٹس اس کو دیے گئے اوسط پوائنٹس کی عکاسی کرتا ہے۔
پوائنٹس بڑھتے ہیں اگر کھلاڑی کی پرفارمنس بہتر ہو اور کم ہوتے ہیں اگر پرفارمنس گرے۔
کوہلی نے سٹیو سمتھ کو اس وقت پیچھے چھوڑا جب انھوں نے 200 رنز سکور کیے۔ تاہم دوسرے ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں کوہلی کُل 40 رنز سکور کر سکے۔ ان کی پرفارمنس اتنی زیادہ گری کہ ان کے پوائنٹس میں کمی ہوئی۔
دوسری جانب سٹیو سمتھ مارچ میں پابندی کے بعد سے ان کی نہ تو پرفارمنس خراب ہوئی اور نہ ہی اچھی اس لیے ان کے پوائنٹس اتنے ہی رہے اور اسی لیے وہ پہلے نمبر پر ہی ہیں۔













