سٹیو سمتھ گارفیلڈ سوبرز کے برابر مگر بریڈمین سے پیچھے؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, ذیشان علی
- عہدہ, بی بی سی اردو
کرکٹ کی دنیا کے عہد ساز بلے باز سر ڈونلڈ بریڈ مین کے بعد آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان سٹیو سمتھ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین چھ ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
سٹیو سمتھ انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی ایشز ٹیسٹ سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز تیز ترین چھ ہزار رنز مکمل کرنے والے کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
وہ جب سے آسٹریلیا کی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں اس وقت سے انھوں نے ایک کے بعد ایک لمبی اننگز کھیل کر مداحوں اور ناقدین کو حیران کیا ہوا ہے۔
آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں ان کی ٹیم پانچویں نمبر پر ہے لیکن وہ خود بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
2017 میں سب سے زیادہ پانچ سنچریاں سکور کرنے کے بعد 2018 کے آغاز پر ہی سٹیو سمتھ نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر کے اپنے مداحوں کو ہی نہیں بلکہ ساتھی کھلاڑیوں کو بھی حیران کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تیز ترین چھ ہزار رنز
ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین چھ ہزار رنز کا ریکارڈ ایک اور آسٹریلوی لیجنڈ کرکٹر سر ڈونلڈ بریڈمین کے پاس ہے جنھوں نے یہ اعزاز اپنی 68 ویں اننگز میں انڈیا کے خلاف میلبرن کے میدان پر 1948 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا تھا۔
اس طرح سٹیو سمتھ اپنی 111ویں ٹیسٹ اننگز میں چھ ہزار رنز مکمل کر کے ایک اور لیجنڈری بلے باز ویسٹ انڈین سر گارفیلڈ سوبرز کے برابر آ گئے ہیں۔ سر گارفیلڈ سوبرز نے بھی تیز ترین چھ ہزار رنز 111 ویں اننگز میں ہی مکمل کیے تھے۔
صرف یہی نہیں بلکہ عالمی نمبر ایک بیٹسمین سٹیو سمتھ کے پاس انگلینڈ کے خلاف جاری آخری ٹیسٹ میچ میں ہی ایک اور ریکارڈ بھی اپنے نام کرنے کا موقع ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایشز میں سب سے زیادہ سینچریاں
سٹیو سمتھ ایشز ٹیسٹ سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 44 رنز پر کھیل رہے ہیں اور اگر وہ اس اننگز میں بھی سینچری سکور کر دیتے ہیں تو وہ سر ڈونلڈ بریڈمین کا ہی ایک ایشز سیریز میں چار سینچریاں سکور کرنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف جاری ایشز ٹیسٹ سیریز کے گذشتہ چار میچوں میں سٹیو سمتھ اب تک تین سینچریاں سکور کر چکے ہیں اور مجموعی طور پر اب تک 648 رنز سکور کیے ہیں۔ اس دوران وہ صرف دو ہی مرتبہ 50 سے کم کے سکور پر آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انفرادی ٹیسٹ کریئر
آل راؤنڈر کے حیثیت سے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے والے سٹیو سمتھ پہلے تو بہت ہی جلد ٹیم کے اہم کھلاڑی بنے گئے اور پھر مائیکل کلارک کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی بن گئے۔
سنہ 2014 میں آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالنے کے بعد سے اب تک سٹیو سمتھ کی قیادت میں کھیلے گئے 31 ٹیسٹ میچوں میں سے 16 میں آسٹریلیا کو کامیابی ہوئی، آٹھ میں شکست اور چھ ٹیسٹ میچ ڈرا ہوئے ہیں۔
اگر ان کی بلے بازی کی بات کی جائے تو سٹیو سمتھ 61 ٹیسٹ میچوں کی 111 اننگز میں 63.5 کی اوسط سے اب تک 6018 رنز سکور کر چکے ہیں۔
سٹیو سمتھ اس دوران اب تک مجموعی طور پر 23 سینچریاں اور 22 نصف سینچریاں سکور کر چکے ہیں، اور ان کا سب سے بڑا سکور 239 ہے۔
آسٹریلوی کپتان کبھی کبھار اپنی ٹیم کو لیگ سپن کی سہولیات بھی فراہم کرتے ہیں، اور اب تک 61 ٹیسٹ میچوں میں 17 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔









