آئی پی ایل کا آغاز: پابندی کے بعد چینئی کی جیت کے ساتھ واپسی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 11 ویں سیزن کا سنیچر کے روز ممبئی میں ایک رنگا رنگ پروگرام کے ساتھ آغاز ہوا جس کے بعد ابتدائی میچ میں دو سال کی پابندی کے بعد شرکت کرنے والی ٹیم چینئی سپر کنگز نے جیت حاصل کی۔
ویسٹ انڈيز کے آل راؤنڈر ڈوائن براوو نے ممبئی انڈینز کے خلاف ہارے ہوئے میچ کو اپنی آتشی بلے بازی سے جیت میں تبدیل کر دیا۔
براوو نے 30 گیندوں میں 68 رنز کی اپنی تیز ترین اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو فتح کے قریب تر کر دیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
واضح رہے کہ چینی سپر کنگز کے اہم رکن گروناتھ میپن کے سپاٹ فکسنگ اور سٹے بازی میں ملوث ہونے کی وجہ سے حکومت کی جانب سے قائم کردہ لودھا کمیٹی نے دو سال کے لیے اس ٹیم کو آئی پی ایل سے خارج کر دیا تھا۔ اس کے ساتھ راجستھان رائلز کی ٹیم پر بھی پابندی لگی تھی۔
یہ دونوں ٹیمیں دو سال کی پابندی کے بعد اب پھر سے آئی پی ایل کا حصہ ہیں۔
آئی پی ایل میں واپسی کے بعد اپنے پہلے میچ میں چینئی کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا۔
ممبئی انڈینز کے 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چینئی کے 51 رنز تک ان کے کپتان مہندر سنگھ دھونی اور سریش رائنا سمیت چار اہم وکٹ گر چکے تھے۔
اس کے بعد بھی وقفے وقفے سے چینئی کی وکٹیں گرتی رہیں اور 17 ویں اوور تک اس نے میچ پر اپنی گرفت تقریبا کھو دی تھی اور ممبئی کو واضح طور پر جیت نظر آنے لگی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن براوو ممبئی کی کامیابی کی راہ میں حائل تھے اور انھوں نے 18 ویں اوور میں میکلینگھن سے 20 رنز حاصل کیے جبکہ جسپریت بمراہ کے ذریعے پھینکے گئے 19ویں اوور میں آوٹ ہونے کے باوجود 20 رنز حاصل کیے۔
جب سات گیندوں میں چینئی کو جیت کے لیے سات رنز کی ضرورت تھی تو براوو آؤٹ ہو گئے۔ براوو نے اپنی اننگز میں تین چوکے اور سات چھکے لگائے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ان کے آوٹ ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پولین میں بیٹھے کیدار جادھو واپس کھیلنے آئے اور آخری اوور کی چوتھی گیند پر چھکا اور پھر پانچویں گیند پر چوکا لگا کر انھوں نے چینئی کی جھولی میں جیت ڈال دی۔
انھوں نے 22 گیندوں میں 24 رنز بنائے۔ ممبئی کی جانب سے ہاردک پانڈیا اور ایم مارکنڈے نے تین تین وکٹیں لیں۔
اس سے قبل آئی پی ایل 2018 کے پہلے میچ میں دھونی نے ٹاس جیت کر ممبئی انڈینز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ممبئی کا آغاز اچھا نہیں رہا لیکن پھر مڈل آرڈر کے تین بلے بازوں نے ممبئي کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں مقابلے کے لیے ایک اچھا ہدف دیا۔
وکٹ کیپر ایشان کشن نے 40 رنز بانئے جبکہ سوریہ کمار یادو نے 43 رنز اور کرنل پانڈیا نے 41 رنز بنائے۔
اس طرح، ممبئی انڈینز نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ شین واٹسن نے دو وکٹیں حاصل کی جبکہ عمران طاہر اور دیپ چاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ یا آئی پی ایل کا آغاز سنہ 2008 میں ہوا تھا اور اس کے بعد سے یہ دنیا کے چند اہم کرکٹ ٹورنامنٹ میں شمار ہونے لگا۔
پہلے سیزن میں پاکستانی کھلاڑیوں کی دھوم تھی لیکن اس کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے نتیجے میں پاکستانی کھلاڑیوں کو اس میں شامل نہیں کیا گیا۔







