آئی پی ایل کے دسویں سیزن کا افتتاح آج

کولکتہ نائٹ رائڈرز

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز دو بار یہ ٹورنا منٹ جیت جکی ہے

انڈیا میں پانچ اپریل سے آئی پی ایل کا دسواں سیزن شروع ہو رہا ہے جس میں آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

افتتاحی تقریب حیدرآباد دکن میں ہوگی جہاں میزبان ٹیم سن رائزرس کا مقابلہ وراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور سے ہوگا۔ لیکن کوہلی اپنے کندھے میں چوٹ کے سبب ابتدائی میچوں میں شرکت نہیں کر رہے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز بھی پہلے میچ میں نہیں کھیل رہے ہیں۔

انڈین پریمیئر لیگ یا آئی پی ایل کا آغاز سنہ 2008 میں ہوا تھا اور اس کے بعد سے یہ دنیا کے چند اہم کرکٹ ٹورنامنٹ میں شمار ہونے لگا۔

پہلے سیزن میں پاکستانی کھلاڑیوں کی دھوم تھی لیکن اس کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے نتیجے میں پاکستانی کھلاڑیوں کو اس میں شامل نہیں کیا گیا۔

آ‏‏ئي پی ایل کے دسویں سال سخت مقابلے کی امید ہے۔ کولکتہ اور ممبئی دو بار چیمپیئن رہ چکے ہیں جبکہ رائل چیلنجرز، دہلی ڈیئر ڈیولز اور کنگز الیون پنجاب کبھی چیمپیئن نہیں بن سکی ہے۔

کرس گیل اور اے بی ڈی ولیئرز

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکرس گیل اور اے بی ڈی ولیئرز جیسے کھلاڑیوں کے باوجود بنگلور کی ٹیم چیمپیئن نہیں بن سکی ہے

چینئی سپرکنگز اور راجستھان رائلز پر پابندی کے بعد رائزنگ پونے سپر جائنٹ اور گجرات لائنز کو دو سال کے لیے اس ٹورنامنٹ میں جگہ ملی ہے۔

آئی پی ایل کے اس دسویں ایڈیشن میں تین ٹیموں کی قیادت غیر ملکی کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں ہے۔ آسٹریلیا کے اوپنر بیٹسمین ڈیوڈ وارنر سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ہیں تو پنجاب کی قیادت آسٹریلیا کے گلین میکسول کے ہاتھوں میں ہے جبکہ آسٹریلیا کے ہی سٹیون سمتھ کو سپرجائنٹس کی قیادت سونپی گئی۔

دوسویں سیزن کے لیے سب سے مہنگے کھلاڑی کے طور پر انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین سٹوکس کو خریدا گیا ہے۔

آئی پی ایل ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کرس گیل کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے اور وہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں دس ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بننے والے ہیں۔ انھیں یہ ہدف حاصل کرنے کے لیے محض 63 رنز کی ضرورت ہے۔ وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ 251 چھکے لگانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔

راشد خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنافغانستان کے 18 سالہ لیگ سپنر راشد خان ارمان کے لیے سن رائزرز حیدرآباد نے کی بولی سب سے زیادہ رہی جس نے چار کروڑ روپے کی کامیاب بولی لگائی جبکہ اسی ٹیم نے تجربہ کار افغان بولر محمد نبی کو 30 لاکھ روپے کے عوض خریدا

دسویں سیزن میں افغانستان کے دو کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

آئی پی ایل کا فائنل 21 مئی کو حیدرآباد میں کھیلا جائے گا اور ڈیڑھ مہینے کے اس کرکٹ کارنیول میں کل 60 میچز کھیلے جائیں گے۔

آئی پی ایل کی وجہ سے انڈیا کے گھریلو کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور پرفارم کرنے کا نادر موقع ملا ہے اور اس کے سبب کئی کھلاڑی انڈین ٹیم میں بھی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔