محمد حفیظ کے مشکوک بولنگ ایکشن کا بائیو مکنیک ٹیسٹ یکم نومبر کو ہو گا

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آف سپنر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا بائیو مکنیک ٹیسٹ یکم نومبر کو انگلینڈ کی لفبرا یونیورسٹی میں ہو گا۔
محمد حفیظ تیس اکتوبر کو انگلینڈ روانہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کے امپائرز نے رپورٹ کی تھی۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے مطابق محمد حفیظ کو اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے 14 روز دیے گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
محمد حفیظ اس سے قبل دسمبر 2014 میں مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے تھے اور بولنگ ایکشن کی درستگی کے بعد انہیں اپریل 2015 میں دوبارہ بولنگ کی اجازت مل گئی تھی۔
لیکن اسی سال جون میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن کے بارے میں دوبارہ رپورٹ دی تھی چونکہ وہ ایک سال کے عرصے میں دوبارہ مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے لہٰذا قوانین کے تحت ان پر ایک سال کے لیے بولنگ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
نومبر 2016 میں محمد حفیظ نے نیشنل کرکٹ سینٹر برسبین میں اپنا بائیو مکینک ٹیسٹ دیا تھا جس کی رپورٹ کی روشنی میں وہ دوبارہ بولنگ کے اہل قرار دے دیے گئے تھے۔












