پاکستان کا نو سال بعد ون ڈے سیریز میں کلین سویپ

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفخر زمان اور امام الحق نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 84 رنز بنائے

شارجہ میں کھیلے جانے والے سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ کرکٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر سریز پانچ صفر سے جیت لی ہے۔

پاکستان نے 104 رنز کا ہدف 21ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔

اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے پر اعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 84 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے کسی بھی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آخری مرتبہ سنہ 2008 میں کلین سویپ کیا تھا، جبکہ سری لنکا ایک ہی سال میں پانچ ایک روزہ میچوں کی تین سیریز میں کلین سویپ ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز فخر زمان تھے جنھوں نے 48 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ امام الحق 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو عثمان شنواری کی عمدہ بولنگ کی بدولت مہمان ٹیم 27ویں اوور میں 103 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اپنا دوسرا ہی ون ڈے کرکٹ میچ کھیلنے والے عثمان شنواری نے اس میچ میں اپنی پہلی پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعثمان شنواری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں

عثمان شنواری کے علاوہ حسن علی اور شاداب خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک بلے باز رن آؤٹ ہوا۔

سری لنکا کی جانب سے تھسرا پریرا نے 25 اور تھرمانے نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان نے اس میچ میں جنید خان کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ سری لنکا نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔

پاکستان کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں چار صفر سے برتری حاصل ہے اور سری لنکا کو رواں برس تیسری مرتبہ کسی سیریز میں کلین سوئیپ کی خفت کا سامنا ےہ۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

اس سال اس سے قبل جنوبی افریقہ اور انڈیا کی ٹیمیں بھی سری لنکا کو پانچ صفر سے سیریز ہرا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو پوری امید ہے کہ پاکستانی ٹیم جس عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے وہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز پانچ صفر سے جیت جائے گی۔

پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ایک روزہ میچ میں 83 رنز سے شکست دی، دوسرے میچ میں 32 رنز سے، تیسرے ایک روزہ میچ میں سات وکٹوں سے سے اور چوتھے میچ میں بھی سات وکٹوں سے شکست دی۔

تھرنگا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں میں جیت کی بھوک موجود ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ کلین سوئیپ ہو۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو بحیثیت کوچ انہیں مایوسی ہوگی۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے لیے ضروری ہے کہ اب تک وہ جس طرح کا کھیل پیش کرتی آئی ہے اسے برقرار رکھے۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں بھارت سے ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم اب تک لگاتار آٹھ ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے۔

پاکستان

،تصویر کا ذریعہAFP

سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں حسن علی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئے ہیں، بابراعظم نمبر چار پوزیشن پر اور محمد حفیظ دوبارہ عالمی نمبر ایک آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔