محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ایک بار پھر مشکوک قرار

محمد حفیظ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شارجہ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آف سپنر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ایک بار پھر کرکٹ قوانین کے برخلاف قرار دے دیا گیا ہے۔

محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل کے امپائرز نے رپورٹ کیا ہے۔

آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے مطابق محمد حفیظ کو اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے 14 روز کے اندر اپنا بائیو مکنیک ٹیسٹ دینا ہوگا تاہم اس ٹیسٹ کا نتیجہ آنے تک وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں

محمد حفیظ اس سے قبل دسمبر سنہ 2014 میں مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے تھے اور بولنگ ایکشن کی درستگی کے بعد انھیں اپریل سنہ 2015 میں دوبارہ بولنگ کی اجازت مل گئی تھی۔

2014 پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن کے بارے میں دوبارہ رپورٹ دی تھی چونکہ وہ ایک سال کے عرصے میں دو بار مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے لہذا قوانین کے تحت ان پر ایک سال کے لیے بولنگ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

نومبر سنہ 2016 میں محمد حفیظ نے نیشنل کرکٹ سینٹر برسبین میں اپنا بائیو مکینک ٹیسٹ دیا تھا جس کی رپورٹ کی روشنی میں وہ دوبارہ بولنگ کے اہل قرار دے دیے گئے تھے۔

محمد حفیظ 50 ٹیسٹ میچوں میں 52 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

193 ون ڈے میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 136 ہے جبکہ انھوں نے78 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 46 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔