’چندیمل، لستھ ملنگا اور میتھیوز بھی پاکستان نہیں جائیں گے‘

،تصویر کا ذریعہGareth Copley
سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان اُپل تھارنگا کی جانب سے پاکستان جانے سے معذرت کرنے کے بعد اب بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ چند سینیئر کھلاڑی بھی پاکستان نہیں جائیں گے۔
بی بی سی سنہالا کے سروج پتھیرانا کے مطابق کپتان اُپل تھارنگا کے علاوہ اب ان میں دنیش چندیمل، لستھ ملنگا اور انیجلو میتھیوز بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پیر کو سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے پاکستان جا کر میچ کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ان کھلاڑیوں نے سکیورٹی کی وجہ سے پاکستان جانے سے معذرت کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیے

سری لنکن ٹیم کے سینیئر کھلاڑیوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی انٹرنیشنل ٹیم نہیں بننا چاہتے تھے اور ان کی ترجیح تھی کہ پہلے دوسری ٹیمیں وہاں جا کر کھیلیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سنہ 2009 میں پاکستان کے دورے پر جانے والی سری لنکن ٹیم پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سری لنکن ٹیم نے پاکستان جانے کی حامی بھری ہے۔
سری لنکا کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں 'سخت ترین سکیورٹی اقدامات پر مکمل مطمئن' ہے اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے تفصیلی جائزے کے بعد پاکستان کے دورے کا فیصلہ کیا ہے۔
سری لنکا اور پاکستان کے مابین ایک ٹی ٹوینٹی میچ 29 اکتوبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
کھلاڑیوں کے فیصلے کے بعد سری لنکن بورڈ متبادل کھلاڑیوں پر مشتمل نئی ٹیم کا اعلان کرے گا۔اطلاعات ہیں کہ تھیسرا پریرا کو سری لنکن ٹیم کا کپتان مقرر کیا جائے گا۔
سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی اپنی ٹیم کے ساتھ لاہور جائیں گے۔










