سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان جائے گی ، تھارنگا کا انکار

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں سیریز کھیل رہی ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ابوظہبی

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے لاہور جائے گی تاہم سری لنکا کے ٹی ٹوئنٹی کپتان اپل تھارنگا نے پاکستان جانے سے انکار کردیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اورآخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل انتیس اکتوبر کو کھیلا جانا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا ایک اہم اجلاس پیر کے روز کولمبو میں ہوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سری لنکا کی ٹیم طے شدہ پروگرام کے تحت پاکستان کا دورہ کرے گی ۔

سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان بیس اکتوبر کو کیا جائے گا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ایک ہی ٹیم منتخب کی جائے گی جو متحدہ عرب امارات میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے بعد لاہور جائے گی۔

اپل تھارنگا کے انکار کے بعد ان کے متحدہ عرب امارات میں دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں کھیلنے کے امکانات بھی ختم ہوگئے ہیں اور خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ قیادت کی ذمہ داری کوسال پریرا کے سپرد کردی جائے گی۔

سری لنکا کی ٹیم اسوقت پاکستان کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ون ڈے سیریز کھیلنے میں مصروف ہے لیکن اس کے کھلاڑیوں نے گزشتہ دنوں اپنے کرکٹ بورڈ کو ایک خط کے ذریعے مطلع کیا تھا کہ وہ سکیورٹی خدشات کے سبب پاکستان جانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

موجودہ کھلاڑیوں میں صرف تشارا پریرا کے بارے میں معلوم ہوا تھا کہ وہ پاکستان جانے کے لیے تیار ہیں۔

تشارا پریرا نے گزشتہ ماہ ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔ اس دورے میں ورلڈ الیون نے پاکستان کے خلاف لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے۔

سری لنکن ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے بارے میں بھی معلوم ہوا ہے کہ اس نے پاکستان جانے کے لیے آمادگی ظاہرکردی ہے ۔اس سلسلے میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرنے اہم کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان میں سری لنکن ٹیم کو دی جانے والی سکیورٹی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔