ابوظہبی: پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 32 رنز سے ہرا دیا

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ابوظہبی میں دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 32 رنز سے شکست دی ہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 220 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس میچ میں پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے سیریز میں لگاتار دوسری سنچری کی۔

سری لنکا کی اننگز کی خاص بات یہ ہے کہ اوپنر تھارنگا نے بھی ہدف کے تعاقب میں سنچری سکور کی اور 112 رنز کے ساتھ وہ آخری وقت تک ٹیم کی امید بننے رہے۔

پاکستانی بولرز نے سری لنکا کی ٹیم کو اننگز کے آغاز سے ہی کھل کر کھیلنے نہیں دیا اور انھیں بڑے سکور کا کوئی موقع نہ دیتے ہوئے پے در پے آؤٹ کرنا شروع کر دیا۔

اننگز کا آغاز کپتان اپل تھارنگا اور ڈکویلا کریز نے کیا۔ ڈکویلا تین رنز بنا کر تیسرے اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مینڈس تھے جنہوں نے 10 رنز بنائے۔ احمد شہزاد نے حسن علی کی گیند پر ان کا کیچ پکڑا۔ تیسری وکٹ اس وقت گری جب شعیب ملک نے تھرمنے کو آؤٹ کیا۔ انھوں نے 12 رنز بنائے تھے۔

چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی چندیمال تھے جنہیں شاداب خان نے آوٹ کیا وہ صرف دو رنز ہی بنا پائے۔ جن کے فوراً بعد ہی سری وردنا بھی شاداب خان کی گیند کا نشانہ بن کر محض تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

26ویں اوور میں سری وردنا آوٹ ہوئے جب سری لنکا کا مجموعی سکور صرف 83 تھا۔ 93 کے سکور پر پریرا سات رنز بنا کر محمد حفیظ کا نشانہ بنے جس کے فوراً بعد ہی 28ویں اوور کی پہلی گیند پر دننجیا شاداب خان کے ہاتھوں آؤٹ ہو کر پویلین جاتے ہوئے نظر آئے۔

تاہم اس کے بعد اوپنر تھرنگا کا ساتھ دینے وندرسا آئے جنھوں نے 76 رنز کی شراکت کے ساتھ سری لنکا کو اس میچ میں رکھا۔ وہ 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

لکمل بھی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد سری لنکا کے لاسٹ مین گماگے بھی تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان، رومان رئیس، حسن علی، محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ لیگ سپنر شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

بابر اعظم

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبابر اعظم نے پاکستان کے لیے ایک اینڈ سنبھالے رکھا

اس سے قبل پاکستان نے بابر اعظم کی سیریز میں لگاتار دوسری سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔

بابر اعظم نے مشکل حالات میں انتہائی ذمہ داری سے بلے بازی کی اور 131 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی ساتویں سنچری مکمل کی۔ وہ 101 رنز کی اننگز کھیل کر آخری اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ان کا ساتھ ساتویں نمبر پر آنے والے شاداب خان نے دیا جو نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان 109 رنز کی شراکت ہوئی۔

اس سے قبل جب شیخ زید سٹیڈیم میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی چھ وکٹیں 101 کے سکور پر گر گئیں تاہم اس موقع پر ان دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور آخری اوور تک سری لنکن بلے بازوں کو مزید کوئی کامیابی حاصل کرنے نہیں دی۔

گماگے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنگماگے نے سری لنکا کو پہلی کامیابی دلوائی

پیر کی سہ پہر احمد شہزاد اور فخر زمان نے پاکستانی اننگز شروع کی اور ٹیم کا سکور 17 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر گماگے نے فخر کو مینڈس کے ہاتھوں کیچ کروا کے سری لنکا کو پہلی کامیابی دلوا دی۔

پہلے میچ میں ناکام رہنے والے احمد شہزاد پر اس میچ میں ایک اچھی اننگز کھیلنے کا دباؤ موجود تھا لیکن وہ صرف آٹھ رنز ہی بنا سکے اور لکمل کی گیند پر سراوردنا کو کیچ دے بیٹھے۔

محمد حفیظ بھی اپنا سکور دوہرے ہندسوں تک لے جانے میں ناکام رہے اور آٹھ رنز بنا کر گماگے کی دوسری وکٹ بنے۔

چوتھی وکٹ کے لیے بابر اعظم اور شعیب ملک کے درمیان 31 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ تھشارا پریرا نے کیا جنھوں نے شعیب ملک کو 11 کے انفرادی سکور پر وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا دیا۔

کپتان سرفراز احمد صرف پانچ رنز بنا سکے اور پریرا کی دوسری وکٹ بنے۔ ان کی جگہ آنے والے عماد وسیم ویندرسے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، انھوں نے دس رن بنائے۔

احمد شہزاد

،تصویر کا ذریعہGIUSEPPE CACACE

،تصویر کا کیپشنپہلے میچ میں ناکام رہنے والے احمد شہزاد اس میچ میں بھی ایک اچھی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے

اس ڈے نائٹ میچ میں پاکستان نے وہی ٹیم کھلانے کا فیصلہ کیا ہے جس نے دبئی میں پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا کو 83 رنز سے شکست دی تھی۔ سری لنکا کی جانب سے بھی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

اس فتح کے نتیجے میں پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ابوظہبی کی وکٹ بلے بازی کے لیے سازگار ہے اور ان کی کوشش ہو گی کہ ایک بڑا ہدف دے کر سری لنکن ٹیم کو قابو میں لائیں۔

ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے چار جیتے ہیں جبکہ دو میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی ہے۔