پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 83 رنز سے شکست دے دی ہے۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 293 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے رومان رئیس اور حسن علی نے تین، تین، جبکہ محمد حفیظ اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اورپنر ڈک ویلا 13 گیندوں پر 19 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کو دوسرا نقصان اس وقت ہوا جب رومان ریئس کے ہی اگلے اوور میں ایک بہترین ان سوئنگنگ گیند پر چندیمل ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
55 کے مجموعی سکور پر تھرنگا محمد حفیظ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اس کے بعد 67 کے سکور پر حسن علی نے ایک ہی اوور میں مینڈس اور سری وردنا کو آؤٹ کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سری لنکا کی چھٹی وکٹ شاداب خان نے لی جب انھوں نے 26ویں اوور میں پریرا کو آؤٹ کیا۔
اپنے دوسرے سپیل میں آتے ہی رومان رئیس نے سری لنکا کے کریز پر آخری اہم بلے باز تھریمانے کو بھی آؤٹ کر دیا۔ انھوں نے 53 رنز بنائے تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ڈے میں اپنی چھٹی سنچری سکور کی۔
اونپر احمد شہزاد ایک مرتبہ پھر کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور وہ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے ساتھی اوپنر فخر زمان نے 43 رنز بنائے۔
پاکستان کے دوسرے کامیاب بلے باز شعیب ملک رہے جنھوں نے 61 گیندوں پر 81 رنز بنائے۔ اس دوران انھوں نے متحدہ عرب امارات میں اپنے 1000 ایک روزہ رنز بھی مکمل کر لیے۔
سیریز کا یہ پہلا میچ جمعے کو دبئی میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کی شکست کے نتیجے میں ان پر دباؤ ضرور ہے لیکن انہیں امید ہے کہ وہ اس دباؤ سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ون ڈے ٹیم متوازن ہے اور اس میں چند سینیئر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
سرفراز احمد کا بحیثیت کپتان ون ڈے ریکارڈ بہت اچھا ہے۔ وہ اب تک نو ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں جن میں سے سات جیتے ہیں۔
اس سال جون میں چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے بعد یہ پاکستانی ٹیم کی پہلی ون ڈے سیریز ہے۔








