فائنل میں انڈیا آئے یا بنگلہ دیش، مقابلے کے لیے تیار ہیں: سرفراز احمد

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, فراز ہاشمی
    • عہدہ, بی بی سی اردو، کارڈف

پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد کہا ہے کہ اب فائنل میں انڈیا آئے یا بنگلہ دیش وہ مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئی بھی نہیں سوچ رہا تھا کہ یہ ٹیم فائنل کھیلے گی لیکن ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں نے یہ کارنامہ کر دکھایا۔

سرفراز احمد نے سیمی فائنل کے لیے ٹیم میں شامل کیے جانے والے نوجوان کھلاڑیوں فخر زمان، حسن علی اور رومان ریئس کی تعریف کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے ان کے مطابق ان کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

فخر زمان اس ٹورنامنٹ میں اب تک تین میچوں میں تقریباً سو سے زیادہ کے سٹرائک ریٹ سے دو نصف سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔

سرفراز نے ان کے بارے میں کہا کہ فخر کو موقع ملا اور انھوں نے اس کا بھر پور فائدہ اٹھایا اور آج وہ ایک چیمپیئن کی طرح کھیل رہے ہیں۔

ان کے علاوہ اظہر علی، محمد حفیظ اور بابر اعظم کی بیٹنگ پر بھی سرفراز احمد نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’شکر ہے وہ بھی فائنل سے پہلے فارم میں واپس آ گئے جو بہت خوش آئند بات ہے۔‘

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

محمد عامر کی فٹنس کے بارے میں سوال پر انھوں نے کہا کہ انھیں کمر میں تکلیف ہے جو کوئی زیادہ پریشان کن بات نہیں ہے اور انھیں پوری امید ہے کہ وہ فائنل سے پہلے فٹ ہو جائیں گے۔

کارڈف کی پچ جس کے بارے میں انگلیڈ ٹیم کے کیمپ سے شکایات سنائی دیں کے بارے میں سرفراز نے کہا کہ ان کی ٹیم بھی اسی پچ پر کھیلی اور اس میں کوئی خرابی نہیں تھی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا بدھ کو میچ سے پہلے ٹیم میٹنگ میں ان کا یہی خیال تھا کہ وہ انگلینڈ کو ڈھائی سو سے 270 کے درمیان محدود کرنے کی کوشش کریں گے لیکن وہ 211 پر ہی آل آؤٹ ہو گئی۔

سرفراز سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان ائین مورگن سے جب یہ سوال کیا گیا کہ میچ میں کونسا ایسا موڑ تھا جس سے میچ کا رخ بدل گیا تو انھوں نے کہا کہ ایسا کوئی موڑ ہی نہیں آیا۔

انھوں نے کہا کہ ان کی ٹیم 2019 کے ورلڈ کپ کی تیاری کر رہی ہے اور ان کی تیاریاں مثبت انداز اور سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔