مائیکروسوفٹ کی اپیل مسترد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مشہور سوفٹ وئر کمپنی مائیکروسوفٹ کو اس اپیل میں شکست ہو گئی ہے جس میں اس نے یورپی کمیشن کی طرف سے چھ سو نوے ملین ڈالر کے جرمانے کی سزا کو چیلنج کیا تھا۔ پیر کو یورپین کورٹ کی ایک ذیلی عدالت ’یورپین کورٹ آف فرسٹ انسٹینس‘ نے یہ فیصلہ برقرار رکھا کہ مائیکروسوفٹ نے مارکیٹ میں اپنی مرکزی حیثیت کا غلط فائدہ اٹھایا ہے۔ مائیکرو سوفٹ کے خلاف دو ہزار چار میں ہونے والی ایک تفتیش میں کمپنی کو سوفٹ وئر اور میڈیا پلیئر جیسی مصنوعات بنانے والی دیگر کمپنیوں کو بے اثر کرنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ پیر کو آنے والے فیصلہ کے خلاف اپیل کرنے کے لئے مائیکروسوفٹ کے پاس دو ماہ کی مدت ہے۔ عدالت کی طرف سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ کورٹ آف فرسٹ انسٹینس دراصل کمیشن کے اس فیصلہ کو برقرار رکھتی ہے کہ مائیکرو سوفٹ نے اپنی بڑی حیثیت کو غلط استعمال کیا۔‘ اس سلسلے میں مائیکرو سوفٹ کے مرکزی وکیل نے کہا ہے کہ اب یہ کمپنی کے لئے ضروری ہو گیا ہے کہ وہ یورپی یونین کے کاروبای مقابلہ بازی سے متعلق قوانین کی پابندی کرے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ کمپنی نے ابھی تک اپنے اگلے قانونی اقدامات کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں یورپی کمیشن کے حکم کے صرف ایک حصے کو رد کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ مائیکرو سوفٹ کے رویے کی نگرانی کرنے کے لئے ایک ٹرسٹ تشکیل دیا جائے۔
اس سلسلے میں عدالت نے کہا کہ ’ عدالت مائیکرو سوفٹ پر ایک نگران ٹرسٹ قائم کرنے کے حکم پر بطور خاص تنقید کرتی ہے جس کے تحت مجوزہ ٹرسٹ کو کمپنی کی دستاویزات، دفاتر، عملے اور اس کے سورس کوڈ(source code) تک دسترس مہیا کرنے کا کہا گیا تھا۔‘ پیر کے فیصلے کے بعد مائیکرو سوفٹ کو اس تنازعے میں ان اخراجات کا اسی فیصد ادا کرنے کو کہا گیا ہے جو اس سلسلے میں یورپی کمیشن کو اٹھانا پڑے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یورپی کمیشن اس فیصلے کو خوش آمدید کہے گا اور اس سے کاروباری مقابلہ بازی کی کمشنر نیلی کروس کو بہت حوصلہ ملے گا کیونکہ ان کا محکمہ کئی ایسے مقدمے ہار چکا ہے جو اس نے ٹرسٹ کے خلاف قائم کیے تھے۔ واضح رہے کہ دو ہزار چار کے فیصلے میں مائیکروسوفٹ کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی مصنوعات دوسری کمپنیوں کے بنائے ہوئے سوفٹ وئرز سے بھی چل سکیں۔ اس کے علاوہ کمپنی کو ونڈوز کا ایک ایسا ورژن بھی بنانے کو کہا گیا تھا جو ونڈوز میڈیا پلیئر کے بغیر بھی کام کر سکے۔ پیر کے فیصلے میں عدالت نے اس حکم کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں کوئی شک نہیں کہ مائیکروسوفٹ نے صارفین کو مجبور کیا کہ وہ جب میڈیا پلیئر خریدیں تو اس کے ساتھ اُسی کا بنایا ہوا آپریٹنگ سسٹم بھی خریدیں۔
گزشتہ برس جب مائیکروسوفٹ سنہ دو ہزار چار کے حکم پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہو رہی تھی تو اس پر روزانہ جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور کمپنی کو اس مد میں تقریباً دو سو اسی ملین ڈالر دینا پڑے۔ فیصلے کے بارے میں وکلاء کی کمپنی ایلن اینڈ اووری کے مائیکل رینلڈ کا کہنا تھا کہ ’ اس فیصلے کی اہم بات یہ ہے کہ یہ صرف مائیکروسوفٹ کے خلاف نہیں ہے بلکہ اس کا اطلاق اس قسم کے رویے والی ہر بڑی کمپنی پر ہوگا۔‘ مائیکل رینلڈ کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے سے قانونی غیر یقینی ختم ہوئی ہے اور اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ اگر آپ ایک بڑی کمپنی ہیں تو دیگر کمپنیوں کے لئے ایک صحتمندانہ مقابلے کی فضا برقرار رکھنے کے لئے آپ کو کیا کچھ کرنا ضروری ہے۔ |
اسی بارے میں سافٹ ویئر صرف تین ڈالر میں20 April, 2007 | نیٹ سائنس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||