خلائی شٹل کی مرمت واپسی پر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی خلائی ادارے ناسا نے فیصلہ کیا ہے کہ خلائی شٹل ’اِنڈیور‘ کی سطح پر ہونے والے سوراخ کی مرمت شٹل کی زمین پر واپسی پر کی جائے گی۔ نو سینٹی میٹر ( 3.5 انچ) کے اس سوراخ کی مرمت کے بارے میں کسی حتمی فیصلے تک پہنچنے میں ناسا کے اہلکاروں کو ایک ہفتہ لگا۔ ناسا کے اہلکاروں کو یہ خدشہ تھا کہ اس سوراخ کی وجہ سے زمین پر واپسی کے دوران شٹل کو نقصان پہنچ سکتا ہے لیکن لاتعداد تجزیوں کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا ہے کہ اس سے شٹل کو کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔ ناسا کے اس مشن کے منیجرز نے زمین پر ٹیسٹ کیے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس سوراخ کی مرمت کے لیے دو خلا بازوں کو شٹل سے باہر بھیجا نہیں جائے گا۔ خلائی شٹل ’اِنڈیور‘ انٹرنیشنل سپیس سٹیشن کی مرمت کا کام جاری رکھنے کے لیے اپنے چودہ روزہ مشن پر ہے۔ آٹھ اگست کو جب شٹل کو خلا میں بھیجا گیا تھا تو اسے حرارت سے محفوظ رکھنے والی چادر کا کچھ حصہ اکھڑ کر شٹل سے ٹکرا گیا تھا جس کے باعث شٹل کی سطح پر بزنس کارڈ کی لمبائی اور چوڑائی جتنا ایک سوراخ ہو گیا تھا۔ مشن کنٹرول نے جمعرات کو شٹل میں موجود سات خلا بازوں کو مرمت سے متعلق اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ خلائی شٹل ’اِنڈیور‘ کے کمانڈر سکاٹ کیلی نے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا اور زمین پر اپنے ساتھیوں کی محنت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ 2003 میں کولمبیا شٹل کی زمین سے لانچ کے دوران حرارت کی شدت سے بچانے والی چادر کا بریف کیس کے سائز جتنا ایک حصہ اُکھڑ کر شٹل کے پر سے ٹکرا گیا تھا جس سے پر کو نقصان پہنچا تھا اور شٹل زمین پر واپسی کے دوران فضا میں ہی تباہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں شٹل میں موجود سات خلا باز ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد سے حرارت سے بچاؤ کی اس چادر کو نقصان پہنچنے کا مسئلہ ناسا کے لیے بڑی تشویش کا باعث رہا ہے۔ خلائی شٹل ’اِنڈیور‘ میں کچھ ایسے نئے آلات ہیں جن کی مدد سے یہ انٹرنیشنل سپیس اسٹیشن کے پاور گرِڈ سے بجلی حاصل کر سکتی ہے۔ شٹل کا یہ مشن گیارہ دن کا تھا لیکن اس نئی سہولت کے باعث اسے بڑھا کر چودہ دن تک کا کرنے میں مدد ملی ہے۔ |
اسی بارے میں ایٹلانٹس خلائی سٹیشن پر اتر گئی10 June, 2007 | نیٹ سائنس خلاء میں چہل قدمی کی تیاریاں11 June, 2007 | نیٹ سائنس خلائی طیارہ ’انڈیور‘ روانہ09 August, 2007 | نیٹ سائنس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||