2005: شمال میں گرم ترین سال | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانیہ کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ سال شمالی کرۂ ارض کا گرم ترین سال تھا۔ سن 1860 میں ریکارڈ کے مرتب کیے جانے کے بعد یہ سال سارے کرۂ ارض کے لیے دوسرا گرم ترین سال رہا۔ شمالی کرہ میں سمندروں کا درجہ حرارت بھی تاریخ میں سب سے زیادہ رہا۔ برطانیہ کے محکمۂ موسمیات اور ایسٹ اینگلیا یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ یہ انسان کے طرز زندگی کی وجہ سے بڑھنے والی عالمی حدت کا ایک اور ثبوت ہے۔ اس سلسلے میں جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ شمالی کرہ میں سال 2005 کا اوسط درجہ حرارت 1961 سے 1990 کے روایتی عرصہ کے اوسط درجہ حرارت سے 65ء0 ڈگری سنٹی گریڈ زیادہ رہا۔ پوری دنیا کے اوسط درجہ حرارت میں 48ء0 ڈگری سنٹی گریڈ کا اضافہ ہوا ہے جس سے یہ سال 1998 کے بعد دوسرا گرم ترین سال بن گیا ہے۔ کرۂ ارض کے شمالی حصہ کا درجہ حرارت جنوبی حصے کی نسبت زیادہ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اس میں گزشتہ دس سالوں میں تقریباً 4ء0 ڈگری کا اضافہ ہو چکا ہے۔ اس سلسلے میں اینگلیا یونیورسٹی کے محقق ڈاکٹر ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ ’اعدادو شمار سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ شمال میں سطح سمندر کا درجہ حرارت 1880 کے بعد سب سے زیادہ ہے‘۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت کی کوئی پیمائش بھی غلطیوں کے خدشے سے خالی نہیں ہے اور اس میں 1ء0 ڈگری کا فرق آ سکتا ہے۔ لیکن یہ بات واضع ہے کہ پچھلی چند دہائیوں میں مجموعی رجحان تیزی سے اضافے کی جانب مائل ہے جس کی ایک وجہ انسان کی پھیلائی ہوئی حدت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم صحیح ہیں اور اس پر شک کرنے والے غلط‘۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’یہ سادہ طبعیات کا معاملہ ہے۔ اگر گیسیں زیادہ ہوں گی اور آلودگی بڑھے گی تو اس کے نتیجے میں درجہ حرارت بھی بڑھے گا‘۔ تاہم فریڈ سنگر، جو اس نظریے کے مخالف ایک گروپ ’سائنس اینڈ اینوائرمنٹل پالیسی پراجیکٹ واشنگٹن‘ سے تعلق رکھتے ہیں، اس تشریح کو نہیں مانتے۔ انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر یہ سال 1860 کے بعد گرم ترین سال تھا تو اس کا مطلب صرف یہی ہے کہ یہ 1860 کے بعد گرم ترین سال تھا۔ اس کے علاوہ یہ کوئی اور بات ثابت نہیں کرتا اور یہ اپنے آپ کسی وجہ کا ثبوت نہیں ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے لیے بہت باریکی میں جا کر مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پتہ چل سکے کہ حرارت میں اضافہ انسان کی پیدا کردہ گیسوں کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ یقیناً ان کا کچھ اثر ہے لیکن اس میں قدرتی عوامل کا کتنا حصہ ہے اس کے لیے گہرائی میں تحقیق کرنے کی ضرورت ہے‘۔ 1860 کے بعد دس گرم ترین سالوں میں سے آٹھ پچھلے دس سال میں تھے۔ |
اسی بارے میں عالمی حدت سے حیوانات کو خطرہ06 October, 2005 | نیٹ سائنس گھاس سے بجلی پیدا کرنے کی تیاری07 September, 2005 | نیٹ سائنس ’زمین پر انسان کے مستقبل کو خطرہ‘30 March, 2005 | نیٹ سائنس دھواں چھوڑنے کی قیمت05 March, 2005 | نیٹ سائنس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||