گیسوں کی مقدار میں تاریخی اضافہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فضا میں گرین ہاؤس گیسوں کاربن ڈائی آکسائڈ اور میتھین کی موجودہ مقدار گزشتہ 650000 سال میں سب سے زیادہ ہو گئی ہے۔ یہ بات ایک یورپی تحقیق کے پروگرام میں سامنے آئی ہے، جس میں بر اعظم انٹارٹکا میں سطح زمین سے تین کلومیٹر نیچے سے لی گئی برف کا تجزیہ کیا گیا۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ موجودہ ماحولیاتی حدت بہت غیر معمولی ہے۔ سائنسی جریدے میں چھپنے والی ایک اور تحقیق کا کہنا ہے کہ سمندروں کی سطح گزشتہ صدیوں کے مقابلے میں دوگنی رفتار سے بڑھ رہی ہے۔ ماحولیاتی گیسوں کی بڑھتی ہوئی مقدار کا ثبوت انٹارٹکا کے علاقے ڈوم کنکورڈیا سے ملا ہے۔ سال 1999 سے شروع ہونے والے پانچ سال کے عرصے میں سائنسدانوں نے زیرِ زمین برف کی سوا تین کلو میٹر تک کھدائی کی ہے۔ اس قدر گہرائی میں جانا 90000 سال پہلے کے زمانے میں پہنچ کر حالات کا جائزہ لینے کے مترادف ہے۔
اس جگہ پر موجود برف سے ملنے والے گیس کے ذرات 90000 سال پہلے کے درجہ حرارت اور گیسوں کی مقدار کا ثبوت ہیں۔ اس پراجیکٹ کے سربراہ تھامس سٹاکر کا کہنا ہے کہ ’سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم کاربن ڈائی آکسائڈ اور میتھین کی مقدار کو طویل مدت کے تجزیہ کے حوالے سے استعمال کر سکتے ہیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ ’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ کاربن ڈائی آکسائڈ کی مقدار تمام وقتوں سے 30 فیصد زیادہ ہے اور میتھین کی مقدار ماضی کی نسبت 130 فیصد زیادہ ہے۔ ان کے اضافے کی شرح بہت غیر معمولی ہے۔ کاربن ڈائی آکسائڈ گزشتہ 650000 سال کے مقابلے میں 200 گنا زیادہ رفتار سے بڑھ رہی ہے‘۔ پچھلے سال اس ٹیم نے اپنے پہلے اعداد و شمار جاری کیے تھے۔ حالیہ دو رپورٹیں پچھلے 650000 سال کے دوران گیسوں کی مقدار اور درجہ حرارت کا تجزیہ کرتی ہیں۔ اس رپورٹ نے انٹارٹکا کی جھیل وسطوک سے لی گئی برف کے اس تجزیے کو آگے بڑھایا ہے جس میں 440000 سال کا تجزیہ کیاگیا تھا۔ یہ معلومات بہت اہم ہیں کیونکہ تقریباً 420000 سال کے مقام پر زمین کے ماحول میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس وقت سے پہلے اور بعد کرۂ ارض 100000 سال پر محیط سرد اور گرم موسم کی گردش سے گزرتا رہا۔ لیکن 420000 سال قبل یہ سلسہ بدل گیا اور سرد اور گرم موسموں کا فرق بڑھنے لگا۔ برف کا حالیہ نمونہ ایسے چھ سائیکلوں کی کہانی بیان کرتا ہے جن میں سے دو اس مقام سے پہلے اور چار بعد سے متعلقہ ہیں۔ پروفیسر سٹاکر کا کہنا ہے کہ ’ہمیں کاربن ڈائی آکسائڈ اور درجہ حرارت کے درمیان گہرے رشتے کی موجودگی کا پتا چلا ہے۔ یہ رشتہ 420000 سال سے پہلے بھی موجود تھا‘۔
ایک اور مطالعے میں کہا گیا ہے کہ پچھلے 150 سالو ں میں سطح سمندر میں گزشتہ صدیوں کی نسبت دوگنی رفتار سے اضافہ ہو رہا ہے۔ سمندری لہروں سے لیے گئے اعداد و شمار اور تحقیق سے امریکی سائنس دانوں نے سطح سمندر کے بارے میں پچھلے دس کروڑ سال کا ریکارڈ تیار کیا ہے۔ ان کے مطابق سطح سمندر میں اضافہ کی موجودہ رفتار سالانہ 2 ملی میٹر ہے۔ جب کہ ماحولیاتی تبدیلی کے بین الاقوامی پینل نے کہا تھا کہ گزشتہ صدی میں سطح سمندر میں سالانہ ایک سے دو ملی میٹر کا اضافہ ہوا اور پوری صدی میں 88 ملی میٹر کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ | اسی بارے میں جنگلی حیات کا بچاؤ اور مالی مفادات03 October, 2004 | نیٹ سائنس کوہ قاف: ’امن کو ماحول سےخطرہ‘23 October, 2004 | نیٹ سائنس 2004: سمندری طوفانوں کا سال11 December, 2004 | نیٹ سائنس ہمالیہ کے پگھلتےگلیشیئر 10 November, 2004 | نیٹ سائنس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||