 |  جیف رسکن نے ہی ماؤس کے ذریعے ڈبل کلکس اور کلک اینڈ ڈریگ کی ٹیکنیک متعارف کروائی تھی۔ |
دنیا کے پہلے ایپل میکنٹوش کمپیوٹر کے خالق جیف رسکن پیر کے روز کیلی فورنیا میں انتقال کر گئے۔ جیف، میکنٹوش کی اسُ ٹیم کے سربراہ تھے جس نے 1984 میں پہلا ایپل کمپیوٹر لانچ کیا تھا اور یہ خیال جیف رسکن کا ہی تھا کہ کمپیوٹر کو آسان بنانے کے لئے اس میں تصویری آئیکن بنائے جائیں اور ماؤس لگایا جائے۔ جیف رسکن نے ہی ماؤس کے ذریعے ڈبل کلکس اور کلک اینڈ ڈریگ کی ٹیکنیک متعارف کروائی تھی جو کمپیوٹر کی دنیا میں انقلابی اقدامات سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی ٹیم کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ جیف رسکن نے ایسا کمپیوٹر جو استعمال میں بہت آسان ہو، جیف رسکن ہی کا آئیڈیا تھا اس لئے ایپل کمپیوٹر آج جس مقام پر ہے وہ جیف کے بنا ممکن نہ ہوتا۔ جیف نے ایپل کا پہلا کمپیوٹر ڈیزائن تو کیا لیکن وہ اس کی ریلیز تک کمپنی کے مالک سٹیو جابز سے اختلاف رائے کے نتیجے میں ایپل میکنٹوش چھوڑ چکے تھے۔ ایپل میکنٹوش کمپنی کا نام بھی جیف رسکن کے پسندیدہ سیب پر ہی رکھا گیا تھا اگرچے بعد میں کاپی رائٹس کے تنازعے کے نتیجے میں اس میں کچھ تبدیلی کرنا پڑی۔ جیف رسکن ایک باکمال موسیقار بھی تھے اور سان فرانسسکو چیمبر اوپرا سوسائٹی میں اپنے فن کا مظاہرہ بھی کرتے تھے۔ 2004 میں جیف کو کینسر کا عارضہ لاحق ہوا تھا۔
|