اورا زمین کی فضا کا مطالعہ کرے گا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی خلائی ادارہ ناسا زمین کی فضا کی صحت کے مطالعے کی غرض سے اورا نامی ایک سیٹلائٹ اتوار کے روز روانہ کر رہا ہے۔ اورا زمینی فضا کی تمام سطحوں کا مطالعہ کرے گا جس میں ہوا بھی شامل ہے۔ مطالعہ کے دوران اس بات پر بھی نگاہ رکھی جائے گی کہ آیا فضا سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں پر عمل کیا جا رہا ہے یا نہیں۔ ان معاہدوں میں مونٹریال پروٹوکول بھی شامل ہے جس کا مقصد زمین کے گرد موجود اوزون کی تہہ میں پڑنے والے شگاف کو بھرنا تھا۔
اورا کا وزن تین ٹن کے برابر ہے اور یہ سیٹلائٹ فضا کی ترکیب کے علاوہ زمین پر بدلتے ہوئے موسموں کے سبب زمینی فضا میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کے مطالعہ میں سائنسدانوں کی مدد کرے گا۔ یہ سیٹلائٹ اتوار کو کیلی فورنیا میں وانڈنبرگ ایئر فورس بیس سے روانہ کیا جائے گا۔ امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ اورا کا شمار ماحول کا مطالعہ کرنے کے لیے بنائے گئے جدید ترین سیٹلائٹس میں ہوتا ہے۔ اورا ناسا کی جانب سے تیار کردہ تیسرا سیٹلائٹ ہے جس کا مقصد عالمی ماحول سے متعلق حتمی اعداد و شمار جمع کرنا ہے۔ اس سے پہلے بنائے گئے ٹیرا اور ایکوا سیٹلائٹ زمین اور سمندر کے مطالعہ میں مصروف ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||