پوکیمون گو کی کامیابی کے بعد ننٹینڈو کے حصص میں اضافہ

،تصویر کا ذریعہAFP
ورچوئل ریئلٹی پر مبنی گیم پوکیمون گو کی زبردست کامیابی کے بعد اس کی خالق جاپانی کمپنی ننٹینڈو کے حصص میں گذشتہ ہفتے سے اب تک 50 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے۔
صرف پیر کے روز ہی کمپنی کے حصص نے 25 فیصد کی جست لگائی اور اس کے بعد ان میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا گیا۔
پوکیمون گو میں لوگ اپنے سمارٹ فون کی کیمرا ایپ کی مدد سے اصل دنیا میں چھپے پوکیمون کے غیرحقیقی کردار ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اب یہ گیم زبردست مقبولیت حاصل کر چکی ہے، اور صرف امریکہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ہی میں ریلیز ہونے کے باوجود یہ آئی فون کے ایپ سٹور اور اینڈوروئڈ کے گوگل پلے پر سرِ فہرست آ گئی ہے۔
ایسی کئی اطلاعات آئی ہیں کہ لوگ اپنے فون پر سکرین پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے چیزوں سے الجھ کر گر پڑے ہیں اور انھیں چوٹیں آئی ہیں۔
پوکیمون کے کردار سب سے پہلے 1990 کی دہائی میں ننٹینڈو کی گیم بوائے ڈیوائس پر آئے تھے۔ پوکیمون گو کے لیے ننٹینڈو نے امریکی کمپنی نیانٹک اور پوکیمان کمپنی کے ساتھ اشتراک کیا، جو ان کرداروں کے حقوق کی مالک ہے۔
ننٹینڈو عام طور گیم بنانے کی بجائے گیم کنسول بنانے پر زیادہ توجہ مرکوز رکھتی ہے۔ تاہم اب کنسول کم کم بکتے ہیں کیوں کہ زیادہ تر گیمز اب موبائل فون پر کھیلی جاتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







