صدی میں پہلی مرتبہ شیروں کی تعداد میں اضافہ

،تصویر کا ذریعہPA
ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے کارکن کہتے ہیں کہ گذشتہ ایک صدی میں پہلی مرتبہ میں جنگلی شیروں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ورلڈ وائڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) اور گلوبل ٹائیگر فورم کے مطابق گذشتہ عالمی ’شیرشماری‘ کے دوران 3890 شیر دیکھے گئے ہیں۔
سنہ 2010 میں جنگلوں میں صرف 3200 شیر تھے جبکہ اس کے مقابلے پر 1900 میں دنیا بھر میں ایک لاکھ شیر پائے جاتے تھے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ شیروں کی تعداد بڑھی ہے، تاہم اس کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ڈیٹا حاصل کرنے کے ذرائع بہتر ہوئے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف کے جنگلی تحفظ کے نائب صدر گینیٹ ہیملی کے مطابق حتمی نمبروں سے کہیں اہم یہ رجحان ہے، اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ رجحان درست سمت میں جا رہا ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ڈائریکٹر جنرل مارکو لیمبرٹینی کہتے ہیں کہ تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ’جب حکومتیں، مقامی برادریاں اور تحفظ کے کارکن مل کر کام کریں تو ہم جانوروں کا انواع اور ان کی رہنے کی جگہ کو بچا سکتے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty
یہ شیرشماری اس وقت جاری کی گئی ہے جب اگلے ہفتے دہلی میں ان 13 ممالک کے نمائندوں کا اجلاس ہو رہا ہے جہاں شیر پائے جاتے ہیں۔ کانفرنس میں امید کی جائے گی کہ 2022 تک شیروں کی اس تعداد کو دوگنا کر دیا جائے گا۔
حالیہ اندازوں کے مطابق صرف انڈیا ہی میں دنیا کے آدھے سے زیادہ یعنی 2226 شیر رہتے ہیں۔ لیکن انڈونیشیا میں ان کی تعداد کم ہو رہی ہے جہاں پام آئل، گودا اور کاغذ کی طلب کی وجہ جنگلات کا صفایا کیا جا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کمبوڈیا بھی شیروں کی معدوم ہونے کے بعد انھیں دوبارہ متعارف کرانے کے متعلق سوچ رہا ہے۔
جانوروں کے رہنے کی جگہ پر انسانوں کے قبضہ کے علاوہ شیروں کا شکار اس لیے بھی کیا جاتا ہے کہ ان کے جسم کے حصے حاصل کر کے انھیں بیچا جائے۔







